اپنے ذاتی سرمایہ سےخدمت
خلق کرنے والے محمودجعفری
کی خدمات کا دائرہ وسیع!!
بھائی جان گروپ کی جانب سےسلائی,
کڑھائی کلاسیس کا آغاز!
تحریر :خیال اثر (مالیگاؤں)
ایک طویل عرصہ سے مرحوم ساتھی نہال احمد کے زیر سایہ عوامی مفاد میں چلائی جانے والی تحریکوں میں پیش پیش رہنے والے محمود جعفری جب دھولیہ منتقل ہوئے تو محمود بھائی جان کے نام سے پکارے اور پہچانے جانے لگے. انہوں نے مالیگاؤں کو نشہ آور مشروبات اور جوا جیسی لعنتوں سے پاک کرنے کے لئے کامیاب تحریکیں چھیڑی تھیں. ان کی انقلابی تحریکوں سے عاجز آ کر محمکہ پولیس نے ان کے خلاف خانہ بدوشی کا فرمان بھی جاری کیا تھا اور شاید یہی وجہ تھی انھیں ضلع ناسک اور مالیگاؤں چھوڑ کر ضلع دھولیہ میں سکونت پذیر ہونا پڑا ہو لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ وہ جہاں بھی گئے عوامی خدمات کے بےلوث جذبات سے آشنا رہے. دھولیہ میں رہتے ہوئے انھوں نے اپنے والد مرحوم کے نام سےڈاکٹر جعفر عباس بلڈ ڈونر گروپ اور بھائی جان گروپ کی تشکیل کی تھی. مالیگاؤں سے علاج و معالجہ کے لئے دھولیہ روانہ کئے جانے والے مریضوں کی رہنمائی میں برسوں سے سرگرم محمود بھائی جان نے وہ کارنامے انجام دیئے ہیں کہ ان خدمات پر رشک آتا ہے. مریضوں کی واپسی میں آسانیاں مہیا کرنے کے لئے ایمبولنس کا انتظام بھی انھوں نے سدا مقدم جانا ہے. محمود جعفری نے مالیگاؤں میں سلائی و کڑھائی کلاس کی بنیاد گزاری کرتے ہوئے خواتین کو گھریلو امور میں طاق کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے. عنقریب ہی یہ سلائی کلاس افتتاحی مراحل سے گزرنے والی ہے. خدمت خلق کے بے لوث جذبوں سے معمور محمود جعفری المعروف بھائی جان ادب و ثقافت سے جڑے رہ کر گاہے بگاہے مشاعروں کا اہتمام کرنے میں بھی سرگرم رہتے ہیں. کورونائی وباء کے دوران ضرورت مندوں کو اشیائے ضروریہ اور نقد رقومات کی فراہمی کرتے ہوئے بےشمار خاندانوں کی انھوں نے امداد و اعانت کی تھی.اپنے ذاتی سرمایہ سے خدمت خلق کرنا پہاڑ کاٹ کر جوئے شیر رواں کرنے کے مترادف ہے اور محمود جعفری نے تیشہ بدست رہتے ہوئے پتھریلی چٹانوں کا سینہ کاٹ کر خدمت خلق کی نہر شیریں رواں کردی ہے محمود جعفری کے یہ بے لوث جذبے اور کامیابی "ندی کا موڑ چشمہ شیریں کا زیر و بم "کے مصداق ہے اور اسی کا فیض ہے کہ محمود جعفری کی اکثر تحریکیں کامیابی و کامرانی کے مراحل سے آشنا ہو کر انھیں مقبول بنائے ہوئے ہیں.
آج بھلے ہی محمود جعفری دھولیہ میں سکونت پذیر ہیں لیکن مالیگاؤں سے ان کا اذلی و ابدی رشتہ اول دن ہی کی طرح قائم و دائم ہے کیونکہ ان کا ایک پیر دھولیہ میں ہوتا ہے تو دوسرا مالیگاؤں میں. اگرچہ آج عظیم تحریکی لیڈر ساتھی نہال احمد سے محرومی کا غم مالیگاؤں جھیل رہا ہے لیکن اسی کے ساتھ ساتھ محمود جعفری جیسے سرگرم تحریکی مزاج رکھنے والے نوجوان سے محرومی کا غم بھی مالیگاؤں کو نڈھال کئے جارہا ہے کیونکہ آج کے نامساعد حالات میں مالیگاؤں شہر کو ایسے ہی بےلوث خدمتگار اور تحریکی صفات رکھنے والے نوجوان کی اشد ضرورت محسوس کی جارہی ہے.






کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں