انیل دیشمکھ کا اعلان : بی جے پی کے دباؤ کے بعد، مہاراشٹر حکومت نے کرائم برانچ سے سچن وازے کا تبادلہ کیا۔
بی جے پی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے ، وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے بدھ کے روز من سکھ ہیرین قتل کیس میں کرائم برانچ سے API سچن وازے کو ہٹانے کا حکم دیا۔ اب سچن وازے کا پولیس محکمہ کے کسی اور شعبے میں تبادلہ کیا جائے گا۔ انیل دیشمکھ نے یہ معلومات مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں دی ۔ بتادیں کہ من سکھ ہیرین کی اہلیہ وملا ہیرین نے سچن وازے پر ان کے شوہر کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سچن وازے نے ان کے شوہر سے کہا تھا کہ انٹیلیا کے معاملے میں گرفتار ہوجائے ، جس کے بعد وہ ان کی ضمانت کروا دیں گے ۔
من سکھ ہیرین کے قتل کے معاملے میں ، مہاراشٹر کے حزب اختلاف کے لیڈر دیویندر فڑنویس نے اسمبلی میں یہ کہتے ہوئے ایک بڑا الزام لگایا تھا کہ سچن وازے نے من سکھ کا قتل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ الزام من سکھ کی اہلیہ نے لگایا ہے۔ من سکھ کی اہلیہ نے بھی سوالات اٹھائے ہیں کہ وہ اس رات گھر سے 40 کلومیٹر دور کیوں گئے ؟ فڑنویس نے ایوان میں یہ بھی کہا کہ سال 2017 میں بھتہ خوری کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ جس میں سے ایک ملزم خود سچن وازے تھا۔ انہوں نے یہ سوالات بھی اٹھائے کہ سچن وازے کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا۔ اس کے خلاف بہت سارے ثبوت موجود تھے۔ اسے دفعہ 201 کے تحت گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ فڑنویس نے مطالبہ کیا ہے کہ سچن وازے کو گرفتار کیا جائے۔
صنعتکار مکیش امبانی کی دھمکی کے معاملے میں ، اسکارپیو کے مالک من سکھ ہیرین کی لاش تھانہ کے ممبرا کے علاقے کی کھاڑی سے ملی تھی ۔ اہل خانہ اور پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ ہیرین ایک زندہ دل انسان تھے ۔ وہ کبھی خودکشی نہیں کرسکتے تھے ۔ ہیرین سوسائٹی کے بچوں کو تیراکی بھی سکھاتے تھے ۔ تو ڈوبنے کی وجہ سے موت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ من سکھ کے پڑوسی کا کہنا ہے ، 'وہ ایک اچھے اور ملنسار شخص تھے۔ ہم ایک دوسرے کو دس پندرہ سال سے جانتے تھے۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ یہ سب کیسے ہوا۔ من سکھ نے سب کو اس معاملے کے بارے میں بتایا تھا ۔ ان کا پورا خاندان تباہ ہوگیا ہے۔ ان کے تین بیٹے ہیں۔ اگر من سکھ ہیرین کے اہل خانہ اور پڑوسیوں کی باتوں پر یقین کریں تو من سکھ عمارت کے بچوں کو تیراکی سکھاتے تھے۔ گذشتہ رات ان کا آخری لوکیشن ویرار کے علاقے میں تھا۔ جو تھانہ سے کافی دور ہے۔ اہل خانہ نے کہا کہ یہ خودکشی نہیں ہے۔
مہاراشٹر میں قائد حزب اختلاف دیویندر فڑنویس نے من سکھ ہیرین کیس کے ذریعہ ممبئی پولیس کو نشانہ بنایا ہے۔ فڑنویس نے کہا کہ ممبئی پولیس کسی گواہ کی حفاظت نہیں کرسکتی ہے۔ فڑنویس نے کہا ، 'اس بات کی بھی چھان بین کی جانی چاہئے کہ جب من سکھ کرافورڈ مارکیٹ آئے تو ، ان سے ملنے والا پہلا شخص کون تھا؟ اس کے علاوہ انہوں نے سچن وازے پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ سچن وازے نے اس سے قبل بھی ٹیلیفون پر کئی بار من سکھ سے بات کی تھی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں