مالیگاؤں پاور لوم صنعت اور سائزنگ معاملے میں ابو عاصم اعظمی کی دم دار نمائندگی کی گونج
سماج وادی پارٹی کی مشورتی میٹنگ میں دھولیہ مالیگاؤں کے ذمہ داران کی شرکت قابل دید
مالیگاؤں : کورونا جیسی خطرناک وباء نے سبھی شعبہ حیات کو کچھ اس طرح اپنا شکار بنایا تھا کہ معاشرتی و تجارتی تمام سرگرمیاں سسک سسک کر دم توڑنے کی کگار پر پہنچ گئی تھیں . اس خطرناک وباء نے صنعت پارچہ بافی کو تباہی کے دہانوں پر لا کھڑا کیا تھا . مالیگاؤں کی یہ واحد صنعت ہے جس سے منسلک رہتے ہوئے ہزارہا افراد نہ صرف اپنا بلکہ اپنے اہل خانہ کی بھی کفالت کیا کرتے تھے . انتہائی نامساعد حالات کی شکار یہ صنعت پارچہ بافی جب نزاع کے عالم میں پہنچ گئی تھی تو شہر کے چند نمائندہ افراد نے مل کر مالیگاؤں و دھولیہ سماج وادی ذمہ داران سے گفت و شنید کرتے ہوئے درپیش سارے مسائل ان کے گوش گزار کئے تب دھولیہ شہر کے فعال و متحرک کارپوریٹر امین پٹیل نے مالیگاؤں شہر کے درپیش سارے مسائل سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی سے بیان کرتے ہوئے رہنمائی چاہی. اس طرح ایک موقر وفد امین پٹیل اور ایڈوکیٹ مومن مجیب کی رہنمائی میں ابو عاصم اعظمی سے ملاقات کے لئے ممبئی جا پہنچا . سبھی ذمہ داران کی تکالیف سننے کے بعد انھوں نے ریاستی وزیر اعلی سے مطالبہ کرتے ہوئے مالیگاؤں پاور لوم اور سائزنگ کے مسائل حل کرنے کی گزارش کی . اس طرح ابو عاصم اعظمی کی رہنمائی میں صنعت پارچہ بافی کے سنگین مسائل اور مشکلات پر قابو پانے کے لئے آدتیہ ٹھاکرے سے ملاقات کی گئی. مذکورہ جملوں کا اظہار دھولیہ کے ہردلعزیز کارپوریٹر امین پٹیل نے مالیگاؤں سماج وادی پارٹی کی رابطہ آفس میں منقعدہ مشورتی میٹنگ میں کیا. انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے ریاستی رہنما ہمیشہ ہی مالیگاؤں شہر کی نمائندگی کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں چاہیے وہ بم دھماکہ متاثرین کا معاملہ ہو یا سنگین حالات سے دوچار صنعت پارچہ بافی کے مسائل ہوں وہ ہمہ وقت شہر مالیگاؤں کی نمائندگی کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں. سماج وادی پارٹی کے سابق معاون کارپوریٹر اطہر حیسن مجن نے ریاستی صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی نمایاں کارکردگی کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ رام منوہر لوہیا کے سماج واد اصولوں پر گامزن سماج وادی پارٹی بھی اقلیتوں کی تحفظ و بقاء کے لئے ہمیشہ ہی سرگرم عمل رہی ہے. دم توڑتی ہوئی پاور لوم صنعت کو استحکام عطا کرنے کی ذمہ دارانہ نمائندگی ایک مستحسن اقدام ہے جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں.اطہر حیسن مجن نے مزید کہا کہ جب بم دھماکہ متاثرین سرکاری امداد کے لئے در بدر بھٹک رہے تھے تب قومی صدر ملائم سنگھ یادو اور دیگر ذمہ داران نے مالیگاؤں پہنچ کر مجروحین اور متاثرین کی دلجوئی کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے تمام افراد کی مالی امداد کی تھی بلکہ ابو عاصم اعظمی نے انیس احمد نامی شدید مجروح فرد کو ممبئی لے جا کر مہنگے ترین اسپتال میں مہینوں اپنے ذاتی خرچ سے اس کے علاج و معالجے کا معقول انتظام کیا تھا. سماج وادی پارٹی مالیگاؤں کے صدر شریف منصوری نے اپنے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی کی خدمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نہ صرف اپنے حلقہ بلکہ مالیگاؤں کے شہری مسائل پر بھی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے مقامی ذمہ داران کو مجبور کیا ہے کہ وہ عوامی تکالیف کو حل کرنے کا ذریعہ بنیں اور ان کی نمائندگی سے شہریان اپنے دوچار مسائل سے آزاد بھی ہوئے . پرہجوم مشورتی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شریف منصوری نے یہ بھی کہا کہ ہمارا قائد سیاسی و ذاتی نظریات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہمیشہ ہی نمائندگی کا حق ادا کرتا آیا ہے . ان کی نمائندگی اور رہنمائی ہمارے لئے نیک فال ہے اور ہم اپنے رہنما کو سلام کرتے ہوئے یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ وہ مسائل پر اپنی توجہ مرکوز رکھتے ہوئے اسی طرح حل کرنے کی کوشش کرتے رہیں. اس مشورتی میٹنگ میں مالیگاؤں سماج وادی پارٹی کے تمام ہی بنیادی ذمہ داران کے علاوہ سماج وادی پارٹی سے انسیت رکھنے والے نوجوان طبقہ کے بے شمار افراد بھی شریک رہے جن میں خصوصاً سلام قریشی, شہباز خان , ندیم جاوید کے علاوہ مالیگاؤں سماج وادی کے بنیادی اراکین اطہر حسین مجن اکرم خان , ابو بکر چودھری, منصور انصاری, نور محمد خان اور مقامی مہیلا صدر فاطمہ خیرانساء وغیرہ اول تا آخر موجود تھے.



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں