src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> - مہاراشٹر نامہ

 

 

 


Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

اتوار، 4 اکتوبر، 2026

 ادارہ ادب اسلامی ویشالی کی جانب سے تعزیتی و مشاورتی نشست کا انعقاد 


حاجی پور، ویشالی (پریس ریلیز): جامع مسجد انور پور، حاجی پور، ویشالی میں ادارہ ادب اسلامی ویشالی کی جانب سے ایک تعزیتی و مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

نشست کا آغاز ادارہ ادب اسلامی ہند، ویشالی کے نائب صدر مولانا محمد ضیاء العظیم قاسمی کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں ادارہ ادب اسلامی ہند ویشالی کے صدر مولانا محمد نظر الہدیٰ قاسمی نے ادارہ کا تعارف اور اس کے مقاصد پیش کرتے ہوئے معروف و مشہور ادیب اور قلم کار شاہد محمود پوری (مرحوم) کے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف اردو ادب کی آبیاری کے لیے ہمیشہ سرگرمِ عمل رہا کرتے تھے۔ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر اردو زبان و ادب کے تعلق سے ان کی جو خدمات ہیں، وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ اگر کوئی مؤرخ ویشالی یا بہار کی تاریخ لکھے گا تو شاہد محمود پوری کے تذکرے کے بغیر اس کی تاریخ مکمل نہیں ہو سکتی۔

ان کی تصانیف میں ویشالی ضلع میں اردو تعلیم،نقوش افکار ، نقوش عمل جیسی اہم کتابیں شامل ہیں۔ حالیہ دنوں اردو ڈائریکٹوریٹ، پٹنہ سے منظور شدہ ان کی ایک اہم کتاب ’’نقوشِ بہار‘‘ زیرِ ترتیب تھی اور وہ اس پر کام کر رہے تھے۔ کتاب طباعت کے مرحلے میں جانے والی تھی، لیکن افسوس کہ اشاعت سے قبل ہی وہ اللہ کو پیارے ہوگئے۔

صدرِ ادارہ نے ہندوستان کے ممتاز عالمِ دین حضرت مولانا قاری محمد شبیر صاحب رحمہ اللہ کی حیات و خدمات اور اوصاف پر بھی روشنی ڈالی اور ان کی حالیہ رحلت پر اظہارِ افسوس کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ حضرت بصارت سے محروم ہونے کے باوجود ایک بلند پایہ عالم، قاری، حافظ اور شعلہ بیان مقرر تھے۔ ان کی تقریریں اردو زبان و ادب کے خوب صورت، شستہ، مقفیٰ اور مسجع الفاظ سے مزین ہوا کرتی تھیں۔ ان کی زندگی کا ایک بڑا کارنامہ مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروّاہ کی تعمیر و ترقی اور اس کی آبیاری ہے، جس سے آج بھی تشنگانِ علوم سیراب ہو رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ ادارہ ادب اسلامی ہند کے بنیادی مقاصد تخلیقی ادب کے ذریعے اخلاقی اقدار کے فروغ و ارتقا کی جدوجہد کرنا، ادب سے منفی رجحانات، ذہنی انتشار اور غیر اخلاقی میلانات کو زائل کرنے کی سعی کرنا اور معاشرے میں مثبت پیغامات کو عام کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ادارہ اہلِ قلم کی فکری و فنی تربیت، حوصلہ افزائی اور ان کے احساسات کو بیدار کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔

مشاورتی نشست میں ادارہ ادب اسلامی ہند، ویشالی کے دیگر ارکان، جن میں ماسٹر محمد عارف حسین، جناب تابش عبید اللہ، مولانا ارشد نور ندوی اور جناب نصر امام، سکریٹری جامع مسجد انور پور شامل تھے، نے ادارہ کی ماہانہ میٹنگ، مالی امداد کی فراہمی اور ادارہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً چھوٹے بڑے پروگراموں کے انعقاد کے سلسلے میں تفصیلی غور و فکر کیا۔

تمام ارکان کی موجودگی میں باہمی مشورے سے یہ طے پایا کہ اکتوبر کے آخری عشرے میں جلسہ سیرت النبی ﷺ اور نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ پروگرام کی تاریخ، دن اور وقت کا اعلان باہمی مشورے کے بعد کیا جائے گا۔

آخر میں ادارہ ادب اسلامی ہند، ویشالی کے فعال و متحرک سکریٹری جناب اسامہ فاروقی نے مذکورہ تجاویز پر اپنی رائے کا اظہار کیا اور ان سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages