چیتاکیمپ یوتھ فیسٹیول کا رنگا رنگ اہتمام : ثناء ملک کی شاندار پہل
بڑے پیمانے پر طلبا و طالبات، نوجوانوں اور خواتین کی شرکت
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار) کی ترجمان اور انوشکتی نگر کی رکن اسمبلی ثنا ملک کی طرف سے چیتاکیمپ کے دین دیال اپادھیائے (لال میدان) میں یوتھ فیسٹیول کا رنگا رنگ اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں ڈیپ کی اونر نیلوفر خان، مشہور ریپر سنگر نیزی نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ چیتاکیمپ کے لال میدان میں ایک ہفتے تک چلنے والے چیتاکیمپ یوتھ فیسٹیول میں ڈرائنگ مقابلہ، مہندی مقابلہ، ڈرامہ مقابلہ، ککنگ مقابلہ، ویمن واکتھن مقابلہ، بیسٹ آؤٹ آف دی ویسٹ، سلوگن رائٹنگ مقابلہ، میراتھن اور دیگر کئی پروگرام کا شاندار طریقے سے اہتمام کیا گیا۔ قبل ازیں چیتاکیمپ میں اشاعتِ اسلام پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں اسکول و کالج کے طلبا و طالبات، نوجوان اور خواتین کے ساتھ مقامی لیڈرز اور عوام نے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔
خاص بات یہ ہے کہ 23 نومبر کو رکن اسمبلی ثنا ملک کی جیت کے ایک سال مکمل ہونے پر جشن جیت کا منایا گیا جس میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو انعامات سے نوازا گیا، وہیں جتنے لوگوں نے بھی ان مقابلوں میں شرکت کی ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی ثنا ملک نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال اشاعتِ اسلام اور میراتھن مقابلے کا اہتمام کیا تھا جس میں بڑے پیمانے پر بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی تھی، لیکن اس وقت ہم پر الزام عائد کیا گیا کہ ہم نے الیکشن کے مدنظر اس پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ جس کے مدنظر اس بار ایک سال مکمل ہونے پر ہماری ٹیم نے بڑے پیمانے پر پروگرام رکھنے کی بات کہی اور ہم نے اشاعتِ اسلام اور چیتاکیمپ یوتھ فیسٹیول کا شاندار طریقے سے اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشاعتِ اسلام کے پروگرام میں 1200 طلبا و طالبات نے شرکت کی وہیں چیتاکیمپ یوتھ فیسٹیول میں قریب 7500 یوتھ اور خواتین نے شرکت کی جن کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ثناء ملک نے اپنے ایک سال کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم چیتاکیمپ کے ساتھ پورے انوشکتی نگر میں عام شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر ڈیولپمنٹ کے کام کر رہے ہیں، جس میں اسکول، اسپتال، سڑک سے لے کر دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں، اور آنے والے دنوں میں لوگ بڑے پیمانے پر تبدیلی دیکھیں گے۔ اس موقع پر ثنا ملک نے نشے کی لعنت کا چیتاکیمپ سے خاتمہ کرنے کا عزم کیا۔
اس کے ساتھ ہی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ ریلس بنا کر محض بدنام کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں ہم اس پر قطعی دھیان نہیں دیتے بلکہ ہم ان چیزوں پر دھیان دیتے ہیں کہ کس طرح مثبت طریقے سے لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے۔ انہوں نے چیتاکیمپ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوشش کر رہی ہیں کہ کس طرح چیتاکیمپ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ راحت پہنچائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ثنا ملک نے مشہور ریپر سنگر نیزی کو نشے کے خلاف ان کے ریلیز ہوئے نئے گانے پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ریپر سنگر نیزی نے چیتاکیمپ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ نشے کی برائی سے خود کو بچائیں اور قیمتی وقت کو برباد نہ کریں، نیز خوب محنت کریں اور اپنی فیملی کے ساتھ اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر نیزی نے چیتاکیمپ کے یوتھ سے کہا کہ وہ ریپ سونگ بنائیں، انہیں وہ خود سنیں گے اور جج کریں گے۔
اس پروگرام کو آرگنائز کرنے میں فراز خان اور این سی پی کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں