وقف ایکٹ 2025 کے خلاف قانونی جدوجہد جاری رہے گی،
امید پورٹل پر اپلوڈنگ مستقبل کے اندیشہ کے پیش نظر کی جارہی ہے:
مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر)
ممبئی 19/اکتوبر (نمائندہ )اسلام جمخانہ مرین لائنس میں آج بتاریخ 19 اکتوبر 2025 کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے زیر انتظام امید پورٹل پر اپلوڈنگ کے طریقہ کار کو سمجھانے کے لئے ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کیا گیا، جس میں مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئرمین جناب سمیر قاضی صاحب، سی ای او جنید سید صاحب، قاضی سیوا سنگھ کے صدر قاضی محمد شفیع غلام نبی صاحب اور رکن عاملہ وقف بورڈ پٹھان صاحب کے ہمراہ وقف بورڈ کے عملہ کے دو درجن افراد شریک ہوئے،
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ صاحب قاسمی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا،
مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ھند عدالت میں وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ مقدمہ لڑرہی ہے اور اس کے موقف میں زرہ برابر بھی تبدیلی نہیں آئی ہے کہ اس ایکٹ کو مکمل طور پر رد کیا جانا چاہئے،اسی بنیاد پر مسلم پرسنل لاء بورڈ نے یہ حکم نامہ جاری کیا تھا کہ متولیان موقوفہ اراضی کو امید پورٹل پر اپلوڈ نہ کرائیں تاکہ حکومت پر دباؤ بنایا جاسکے اور عدالت کو بھی مسلمانوں کے جذبات کا احساس ہو، لیکن 25/ستمبر 2025 کو سپریم کورٹ نے جو عبوری فیصلہ سنایا ہے، اس میں امید پورٹل پر کوئی روک نہیں لگائی ہے، اس بنا پر اس پورٹل پر اراضی موقوفہ کا اپلوڈ کرنا ضروری ہے،
جناب سمیر قاضی نے کہا کہ جمعیۃ علماء کا کردار اوقاف کے تحفظ کے سلسلے میں تاریخی نوعیت کا ہے اور ہم کو یہ امید ہے کہ جمعیۃ علماء کے کارکنان ایک ماہ کے اندر اندر اپلوڈنگ کرلیں گے، انھوں نے کہا کہ وقف بورڈ نے ہرضلع میں اپنا دفتر قائم کر دیا ہے، جہاں سے آپ کو مکمل رہنمائی دی جائے گی۔
قاضی محمد شفیع غلام نبی نے اوقاف کی اہمیت پر روشنی ڈالی،
احمد پٹھان صاحب نے اوقاف کے متعلق قوم مسلم کی عدم توجہی پر افسوس کا اظہار کیا،
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے عہدے داران کے ہاتھوں معزز مہمانوں کو شال اور گلدستے پیش کئے گئے اور جناب جنید سید صاحب (سی ای او) اور ان کے معاون عبدل سھیل صاحب نے پروجیکٹر کے ذریعہ اپلوڈنگ کے طریقہ کار کی وضاحت کی، تقریبا ایک گھنٹے تک وقفہ سوالات میں جنید سید صاحب نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دئے
11 بجے سے لیکر سوا تین بجے تک مفتی محمد یوسف قاسمی (جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کی نظامت اور مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر) صدارت میں یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا، اس کے بعد ظہرانہ کا نظم تھا


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں