وقْف پر حملہ، دستور پر ضرب ,اہل سنّت والجماعت نے گیزٹ کی پرچیاں پھاڑ کر حکومت کے خلاف پُرزور احتجاج درج کیا!
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں اکثریت کے بل پر منظور کیے گئے "وقْف 2025 اُمّید قانون" کے خلاف آج جمعہ، 11 جولائی کو جلگاؤں شہر کے سنّی مسلمانان نے پرزور احتجاج کرتے ہوئے حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ وکف سے متعلق سرکاری گزٹ (پرِپترک) کی پرچیاں پھاڑ کر اس کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔یہ پُرامن مگر پُراثر احتجاج بھِلپورہ چوک پر منعقد کیا گیا، جس میں شہر کی مختلف دینی، سماجی و ملی تنظیموں کے ذمہ داران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس قانون کو نہ صرف اسلامی وقار اور مذہبی اداروں کی خودمختاری پر حملہ قرار دیا، بلکہ اسے بھارت کے عظیم دستور کی روح کے بھی خلاف بتایا۔دستور کی خلاف ورزی:مظاہرین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "وقْف 2025" قانون:دفعہ 14: قانون کی نظر میں برابری کی خلاف ورزی ہے۔دفعہ 25: مذہبی آزادی کے بنیادی حق پر ضرب ہے۔دفعہ 26: مذہبی اداروں کو اپنے معاملات چلانے کے اختیار پر قدغن ہے۔دفعہ 32: عدالت سے رجوع کرنے کے حق کو پامال کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس قانون کے خلاف سپریم کورٹ آف انڈیا میں آئینی عرضی داخل کی ہے، اور جب تک فیصلہ نہیں آتا، حکومت کو کسی قسم کی کارروائی کا اختیار حاصل نہیں۔
عدالت عظمیٰ کی توہین:
مظاہرین نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف آئینی دائرہ کار سے تجاوز کیا ہے، بلکہ "اُمّید پورٹل" کا آغاز کر کے عدالت عظمیٰ کے وقار کو بھی مجروح کیا ہے، جو سیدھا سیدھا "توہینِ عدالت" (Contempt of Court) کے زمرے میں آتا ہے۔ بھِیلپورہ چوک پر احتجاج کے دوران مظاہرین نے جذباتی اور عقیدت بھرے نعرے لگائے:"واپس لو، واپس لو! وکف بِل واپس لو!" "زندہ باد! زندہ باد! سپریم کورٹ زندہ باد!"احتجاج میں مؤقر شخصیات کی شرکت:اس پُرامن احتجاج میں سنّی عیدگاہ ٹرسٹ سنّی جامع مسجد ٹرسٹ اور وکف کو آرڈینیشن کمیٹی جلگاؤں کے اہم عہدیداران شریک رہے، جن میں خصوصاً: سید ایاز علی نیاز علی اسلم بابا اشرفی، خالد بابا باغبان، شیخ شفیع، آصف ربّانی سلمان محبوب، شیخ رحیم الدین، عزیز ابراہیم، کامِل شیخ الیاس نوری، ذیشان حسین، جیسے نمایاں افراد شامل تھے۔
یہ احتجاج نہ صرف دینی غیرت و حمیت کا مظہر تھا، بلکہ آئینی شعور، جمہوری حق اور ملّی اتحاد کی ایک زندہ مثال بھی۔سنّی مسلمانانِ جلگاؤں کا یہ اعلان تھا کہ، "وقْف، صرف زمین نہیں، یہ ایمان کی امانت ہے، جس پر کوئی سودے بازی قبول نہیں!"
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں