قربانی کے متعلق جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی مسلمانوں سے اپیل
قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مذہبی فریضہ کی اداکیا جائے : مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی 31؍مئی جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اخبارات کو جاری بیان میں کہا کہ اسلام میں قربانی سنت ابراہیمی کی یادگار ہے اور ہر صاحب حیثیت مسلمان پر اس کی ادائیگی واجب ہے جمعیۃ علماء مہاراشٹر اس فریضہ کی ادائیگی کے تعلق سے مسلمانوں سے یہ درخواست کرتی ہے کہ وہ قربانی کرتے وقت حکومتی ہدایات کی مکمل طور پر پاسداری کریں، حکومت مہاراشٹر نے گئو ونش کے ذبیحہ پر پابندی عائد کردی ہے، اس لئے اس سے مکمل طور پر احتراز کریں، اس کے علاوہ دوسرے جانور کی قربانی دیں۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ ذبیحہ کی کوئی تصویر سوشل میڈیا وغیرہ پر شیئر نہ کریں ، بعض مدارس لوگوں سے قربانی کے پیسے لیکر قربانی کرتے ہیں اور ان کے اطمینان کے لئے ذبیحہ کا ویڈیو بناکر بھیجتے ہیں، بسا اوقات یہ ویڈیو وائرل ہوجاتا ہے جس سے ماحول خراب ہوتا ہے،اس لئےاس سے بچیں۔
مولانانے اخباری بیان میں یہ بھی کہا کہ اگر کسی جگہ شر پسند عناصر غیر ممنوعہ جانور کی قربانی سے بھی روکتے ہیں تو کچھ سمجھدار و با اثر لوگوں کے ذریعہ ایڈ منسٹریشن(انتظامیہ) کو اعتماد میں لے کر قربانی کی جائے۔اگر پھر بھی خدا نخواستہ اس مذہبی واجب کو ادا کرنے کا کوئی راستہ نہ نکلے تو جس قریبی آبادی میں کوئی دشواری نہ ہو وہاں قربانی کرادی جائےلیکن جس جگہ قربانی ہوتی آئی ہے اور فی الحال دشواری ہے وہاں کم از کم بکرے کی قربانی ضرور کی جائے اور انتظامیہ کے دفتر میں اندراج بھی کرایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی دشواری نہ ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور جانوروں کے فضلات کو سڑکوں ،گلیوں اور نالوں میں نہ ڈالیں بلکہ آلائش کو اس طرح دفن کردیا جائے کہ اس سے تعفن (بد بو )نہ پھیلے،اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جائے کہ ہمارے عمل سے کسی کو اذیت نہ پہنچے۔
صدر جمعیۃ نے کہا کہ فرقہ پرست عناصر کی طرف سے کسی طرح کی اشتعال انگیزی پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور معاملہ کی شکایت متعلقہ پولس تھانوں میں درج کرائیں ۔اور قربانی کے جانوروں کی نمائش نہ کریں اور سلاٹر ہاؤس /مذبح خانہ سے کھلا ہوا گوشت نہ لے جائیں اور نہ ہی خون آلود کپڑوں میں بازار یا عوامی جگہوں پر جائیں۔ امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ (صدر جمعیۃ علماء ہند) نے یہ تلقین فرمائی ہے کہ مسلمانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہئے،اور حالات کا مقابلہ امن و شانتی،پیار و محبت اور صبر و سکون سے ہر محاذ پر کرنا چاہئے۔
دفتر جمعیۃعلماء مہاراشٹر
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں