ویجا پور گستاخی معاملہ: مولانا حلیم اللہ قاسمی کی عوام سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل
ممبئی 16؍ اگست :گزشتہ کل ویجاپور پولس نے مسلمانوں اور پیغمبر اسلام محمد ﷺکی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون رام گیری گرو نارائن گیری مہاراج کے خلاف مقامی مسلمانوں کے شدید احتجاج کے بعد ایف آئی آر درج کرلی ہے ۔ سوشل میڈیا پر ملعون رام گیری کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ویجاپور کے مسلمان مشتعل ہوکر سڑکوں پر اتر گئے تھے اور انہوں نے بیجاپور پولس اسٹیشن کا گھیراؤ بھی کیا تھا اور پولس سے ملعون کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔
ویجاپور پولس اسٹیشن نے عرض گذار رافع حسن علی حسن کی درخواست پر ملعون رام گیری گرو نارائن کے خلاف ناشک (سنّر) کے ایک پروچن میں مسلمانوں اور حضور پاک ﷺکے خلاف دئیے گئے مبینہ گستاخانہ بیان کے تناظر میں نئے قانون بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ ۳۰۲ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
اس ضمن میں ممبئی میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نازیبا کلمات ادا کئیے گئے ہوں ۔ سماج دشمن عناصر مسلمانوں کے خلاف ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں تاکہ مسلمانوں کو مشتعل کیا جائے اور انہیں سڑکوں پر اترنے پر مجبور کیا جائے ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مزید کہا کہ گزشتہ کل بھی ویجا پور میں ایسا ہی ہوا ، عوام کے سڑکوں پر اترنے کے بعد ہی ویجاپور پولس نے ملعون گیری گرو نارائن کی خلاف ایف آئی آر درج کی ۔
مولانا نے مزید کہا کہ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملعون کی گرفتاری بھی ہونا چاہیے ، انہوں نے ویجا پور کی عوام سے امن و امان قائم رکھنے اور قانون اپنے ہاتھوں میں نا لینے کی اپیل کی ہے ۔
مولانا حلیم اللہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتعل نا ہوں اور سڑکیں جام کرکے عوام کے لیئے تکلیف کا باعث نا بنیں۔ قانون کو اپنا کام کرنے دیں ۔ اگر ملعون کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی نہیں کی گئی تو قانونی چارہ جوئی کے لیئے لائحہ عمل تیار کریں گے ۔
اورنگ آباد جمعیۃ علماء کےرکن قاری امین الدین شیخ نے دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹرا کو ویجا پور کے حالات سے آگاہ کیا ہے اور انہوں نے بھی ویجا پور کی عوام سے امن وامان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں