بیڑ میں شاطر چوروں نے دو منٹ میں اکھاڑا ، اے ٹی ایم پولیس نے 4 گھنٹے تک فلمی انداز میں کیا پیچھا
بیڑ: مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں، نڈر چوروں نے صرف دو منٹ میں ایک اے ٹی ایم کو اکھاڑ پھینکا اور اسے پک اپ گاڑی میں لے کر فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے پولیس کو بروقت اس واردات کی اطلاع ملی اور فلمی انداز میں تقریباً 61 کلومیٹر تک چوروں کا پیچھا کیا۔ پولیس کی فوری کاروائی کے باعث چور اے ٹی ایم چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ اے ٹی ایم میں 21 لاکھ 13 ہزار 700 روپے کی نقدی تھی جسے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
بیڑ کے دھرور میں اے ٹی ایم توڑنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنے کچھ چور ایس بی آئی بینک کے اے ٹی ایم کیبن میں داخل ہوئے۔ ان کے پاس ایک موٹی رسی بھی تھی۔ انہوں نے پہلے اے ٹی ایم کے اوپری حصے کے تار کاٹ کر اکھاڑ پھینکا، پھر رسی کی مدد سے دو منٹ میں پورے اے ٹی ایم کو اکھاڑ پھینکا۔ اس کے بعد چور پک اپ وین میں اے ٹی ایم رکھ کر فرار ہوگئے۔ یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا۔ اے ٹی ایم توڑنے کی اطلاع کسی نے پولیس کو دی۔ پولیس نے چوروں کا پیچھا کیا۔
معلومات کے مطابق پولیس اور چوروں کے درمیان تقریباً 61 کلومیٹر تک چھپن چھپائی کا سلسلہ جاری رہا۔ دھرور پولس انسپکٹر دیوی داس واگھمارے کے مطابق چوروں کے ساتھ چھپن چھپائی کا یہ کھیل چار گھنٹے تک جاری رہا۔ اس کے بعد چور اے ٹی ایم چھوڑ کر بھاگ گئے۔ پولیس نے اس معاملے میں رپورٹ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔ دیوی داس واگھمارے نے کہا کہ پولیس کی کئی ٹیمیں اے ٹی ایم کو اکھاڑ پھینکنے والے چار مفرور ملزمان کی تلاش میں مصروف ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں