شیو سینا یو بی ٹی کے پولنگ بوتھ ایجنٹ کی لاش بیت الخلاء سے برآمد ہونے سے سنسنی، ممبئی پولیس تحقیقات میں مصروف
ممبئی: مہاراشٹر کے ممبئی کے ورلی علاقے میں پولنگ بوتھ کے ٹوائلٹ کے اندر ایک شخص مردہ پایا گیا ہے۔ پولنگ بوتھ ایجنٹ کی شناخت منوہر نلگے کے طور پر کی گئی ہے۔ 62 سالہ نلگے شیو سینا (یو بی ٹی) کے پولنگ بوتھ ایجنٹ تھے۔ ممبئی کی این ایم جوشی مارگ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ نلگے طویل عرصے سے پارٹی کے پولنگ ایجنٹ تھے اور برسوں سے شیوسینا سے وابستہ تھے۔ بتا دیں کہ پیر کو مہاراشٹر میں 13 لوک سبھا سیٹوں پر پانچویں اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ دیر رات تک تقریباً 49.04 فیصد ووٹنگ ہونے کی خبر ہے۔ ڈنڈوری لوک سبھا سیٹ پر سب سے زیادہ 57.06 فیصد اور کلیان میں سب سے کم 41.70 فیصد پولنگ ہوئی۔ رائے دہندگان نے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کی 6 سیٹوں پر 116 امیدواروں سمیت کل 264 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا۔
اس دوران کئی پولنگ اسٹیشنوں پر ای وی ایم مشینوں کے بند ہونے، پولنگ عملے کے سست روی سے کام کرنے اور ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ اس بار انتخابات میں ووٹروں میں جوش و خروش نسبتاً کم تھا۔ چلچلاتی دھوپ سے خود کو بچانے کے لیے ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی کئی پولنگ اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ کئی پولنگ سٹیشنوں پر دوپہر کی چلچلاتی دھوپ سے بچنے کے لیے کیے گئے انتظامات ناکافی ثابت ہو رہے تھے، اس کے باوجود پرجوش ووٹرز ڈٹے رہے۔ گورنر رمیش بیس نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ووٹ ڈالا۔ پیر کو دو کسانوں نے مرکزی حکومت کی زرعی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا۔ ٹماٹر اور پیاز کے ہار پہن کر وہ نپھاڑ شہر کے نیتالے میں ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے پہنچے تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں