کاندیولی میں بزرگ جوڑے کی موت سے سنسنی
ممبئی: کاندیولی (ایسٹ) کے ساکن ایک بزرگ جوڑے کی لاشیں سمتا نگر پولیس کے تحت ان کے گھر سے ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق مہلوکین کی شناخت 61 سالہ پرمود چونکر اور اس کی 57 سالہ بیوی ارپیتا چونکر کے طور پر کی گئی ہے۔ پرمود کی لاش چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی جبکہ ارپیتا کی لاش بستر پر پڑی ہوئی تھی۔ دونوں لاشیں گلنے سڑنے کی وجہ سے پولیس فی الحال موت کی اصل وجہ بتانے سے قاصر ہے۔ تاہم تحقیقات سے وابستہ ایک افسر نے کہا کہ پہلی نظر پرمود نے خودکشی کی ہے لیکن یہ کہنا قدرے مشکل ہے کہ ارپیتا کی موت کیسے ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں نے یہ واردات 13 مئی کو انجام دی تھی کیونکہ جب 16 مئی کو پولیس کو پڑوسیوں کے ذریعے اطلاع ملی تب تک لاشیں سڑ گل چکی تھیں۔ سمتا نگر پولیس نے اے ڈی آر درج کر لیا ہے اور تحقیقات میں مصروف ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ جوڑا آریہ چانکیا نگر، کاندیولی (ایسٹ) کے چونکر نواس میں رہتا تھا۔ وہ بے اولاد تھا۔ پولیس نے موقع سے پرمود کی طرف سے لکھا ہوا مبینہ خودکشی نوٹ برآمد کیا ہے۔ اس نوٹ میں جوڑے نے مالی بحران سے نبرد آزما ہونے اور ذہنی طور پر پریشان ہونے کے بارے میں لکھا ہے۔ ایک پولیس افسر نے کہا، یہ 14 مئی کا خودکشی نوٹ ہے، جس میں پرمود نے بتایا ہے کہ وہ خودکشی کر رہا ہے۔ دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ اس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پرمود کی موت پھانسی لگنے سے ہوئی ہے۔ لیکن، ارپیتا کی موت کی وجہ کے بارے میں کوئی واضح نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ ارپیتا کا ویزرا فارنسک جانچ کے لیے کالینہ ایف ایس ایل لیب میں بھیج دیا گیا ہے۔ موت کی اصل وجہ فارنسک رپورٹ کی بنیاد پر ہی معلوم ہوسکے گی۔ یہ بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کی موت زہر کھانے سے ہوئی ہو گی۔ اس سمت میں فارنسک تحقیقات بھی جاری ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں