src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> امیر شریعت حضرت مولانا سید نظام الدینؒ کی حیات وخدمات پر سیمینارکے سلسلہ میں اہم نشست . - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

پیر، 20 نومبر، 2023

امیر شریعت حضرت مولانا سید نظام الدینؒ کی حیات وخدمات پر سیمینارکے سلسلہ میں اہم نشست .

 










امیر شریعت حضرت مولانا سید نظام الدینؒ کی حیات وخدمات پر سیمینارکے سلسلہ میں اہم نشست .


امیر شریعت سادس کی زندگی ہندوستان کی ملی، دینی، فکری تاریخ کا ایک اہم باب : عبدالواحد ندوی



پٹنہ20/نومبر(نمائندہ) : امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ کے چھٹے امیر شریعت، سینکڑوں دینی و ملی اداروں کے سرپرست، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری، دارالعلوم دیوبند و دارالعلوم ندوۃ العلماء کے رکن شوریٰ ورکن مجلس انتظامی، نسلوں کے مربی، علماء و دانشوروں کے رہنما، رمزگاہ سیاست کے شناور حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب رحمۃاللہ علیہ کی علمی، دینی روحانی، فکری، ملی و سیاسی زندگی ہندوستان کی ملی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، اُن کی زندگی ایک عہد کی داستان ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس تاریخی امانت کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کردیں؛ تاکہ آنے والی نسلیں اس سے روشنی کشید کر اپنی زندگی کی شمع روشن کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید نظام الدین فاؤنڈیشن پٹنہ کے چیئرمین، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن، جامعۃ المومنات پٹنہ و جامعہ اسلامیہ گھوری گھاٹ کے ناظم معروف عالم دین حضرت مولانا عبدالواحد ندوی نے جامعۃ المومنات پھلواری شریف پٹنہ کے کانفرس ہال میں منعقد ایک خصوصی نشست میں کیا۔ موصوف حضرت امیر شریعت سادس ؒپر ہونے والے سیمینار کے سلسلہ میں منعقد ایک اہم نشست میں گفتگو کررہے تھے۔ مولانا نے سیمینار کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت کی زندگی پر سیمینار نہ صرف حضرت کی زندگی کے مختلف گوشوں کو آشکار کرے گا؛ بلکہ یہ سیمینار ہندوستان اوربطور خاص بہار کی ملی تاریخ کی ترتیب کی طرف پہلا قدم ہوگا۔انہوں نے مزید فرمایاکہ آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کے سابق صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندویؒ،مولانا سید محمد واضح رشید ندویؒ اور حضرت مولانا محمد قاسم صاحب مظفر پوری ؒ سمیت ملک کے متعدد اکابر علماباربار حضرت کی زندگی پر سیمینار کرانے کا مشورہ دیتے رہے؛تاہم اس سلسلہ میں پیش رفت نہ ہوسکی؛لیکن جب اکابر کا اصرار بڑھتا رہا تو اب سیمینار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورآج اسی سلسلہ میں غور وفکر اورلائحہ عمل تیار کرنے کے لیے آپ حضرات کو زحمت دی گئی ہے۔میٹنگ میں شریک امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی قاسمی نے کہا کہ امارت شرعیہ کی ہراینٹ حضرت کی خدمات کی گواہ ہے، امارت شرعیہ کی تاریخ حضرت کے بغیر اَدھوری ہے،‍ حضرت پر سیمینار وقت کی ضرورت تھی اور حضرت مولانا عبدالواحد صاحب قابل مبارک باد ہیں کہ انہوں نے اس ضرورت کی تکمیل کے لیے قدم اٹھایا، امارت شرعیہ کا پورا تعاون سیمینار کو حاصل رہے گا۔ امارت شرعیہ کے چیف قاضی شریعت مولانا محمد انظار عالم قاسمی نے کہا کہ حضرت کے وسیع تجربہ کو نئی نسل کے سامنے پیش کرنا اس لیے بھی ضروری ہے؛ تاکہ ہماری نسل اس چراغ سے اپنا دِیا جلاسکے، امارت شرعیہ آپ کے ساتھ ہے۔ المعہد العالی للتدریب فی القضاء والافتاء کے سیکریٹری مولانا عبدالباسط ندوی نے کہا کہ حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب ؒ نے  اپنی پوری زندگی امارت شرعیہ اور فکر امارت شرعیہ کے لیے وقف کردی تھی، انہوں نے حضرت مولانا قاضی مجاہدالاسلام قاسمی کے ساتھ مل کر امارت شرعیہ کو عالمی شہرت اوروقار بخشا۔ان کی زندگی کی تگ ودو کا ماحصل امارت شرعیہ اورفکر امارت شرعیہ تھا اور مختلف تنظیمیں اسی امارت کے بطن سے پیدا ہوئیں، وہ ملی کاموں کے لیے وقت کے پابند نہیں تھے، وہ ہر گھڑی ملت کے لیے فکر مند رہتے اور ان کا دل ہرپل امت کے لیے تڑپتا رہتا تھا، یہ سیمینار یقینا ہونا چاہیے، اس سیمینار سے نئی فکر جنم لے گی اور امت کے کام کے لیے بہت سے نوجوان علماء کھڑے ہوں گے۔ آل انڈیا ملی کونسل بہار کے جوائنٹ جنرل سکریٹری مولانا ابوالکلام شمسی نے سیمینار کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی ذات ایک انجمن تھی،وہ مردم شناس تھے،عزم کے پختہ اورہمت کے پہاڑ تھے،ان کی شخصیت پورے ملک کے لیے نقطۂ  اتحاد تھی،اس لیے سیمینار میں ملک کی تمام تنظیموں اورتمام مکاتب فکر کی نمائندگی ہونی چاہیے،ان شاء اللہ ہم سب اس سیمینار کے لیے جو بن پڑے گا کریں گے۔جب کہ مولانا محمد نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل نے کہاکہ حضرت امیر شریعت سادس کی زندگی ہندوستان کی دینی وملی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، اس کا ہرورق روشن اورہرسطر درخشاں ہے،ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس داستان علم وفضل اوران کی ملی خدمات کی تاریخ کوآنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کردیں،ان شاء اللہ آل انڈیا ملی کونسل اس سیمینار کے لیے ہرطرح کا تعاون کرے گی۔ نظامیہ طبیہ کالج گیا کے صدر ڈاکٹر حامد حسین نے سیمینار کے انعقاد کے فیصلے پر دلی خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس کی وقت کی اہم ضرورت بتاتے ہوئے اس کے کامیاب انعقاد میں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس اہم نشست میں جناب انجینئر اعجاز حال مقیم سعودی عرب،مولانا ضیاء عظیم،جناب نیاز نذر فاطمی،مولانا صادق قاسمی،مفتی شاہ نوازعالم صاحب،مولانا ساجد رحمانی، انجینئر محمدعمیروغیرہ نے بھی قیمتی مشورے دیے۔

 جن دانشوران اور علماء نے بذریعہ فون یا میسج اپنی تائید و تعاون اور سیمینار کے انعقاد کی خبر پر مسرت کا اظہار کیا ان میں سر فہرست حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی قومی نائب صدرآل انڈیا ملی کونسل، مولانا مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ، مولانا بدراحمد مجیبی صدر جمعیۃ علماء بہار،مولانا سید مشہوداحمد قادری پرنسپل مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ،مولانامفتی سعیدالرحمن  قاسمی صدرمفتی امارت شرعیہ،مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت امارت شرعیہ، مولانا مفتی سہراب ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ،مولانا رضوان احمد ندوی معاون مدیر ہفتہ وار نقیب، مولانا مفتی نذرتوحید مظاہری مہتمم جامعہ رشید العلوم چتراو صدر آل انڈیا ملی کونسل جھارکھنڈ، مولانا شاہد ناصری الحنفی صدر ادارہ دعوۃ السنۃ مہاراشٹر، حضرت مولانا مفتی جنید عالم ندوی صدر معہد الدراسات العلیا، مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی صدر الحمد خدمت خلق، مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی المہعد العالی حیدرآباد، مولانا ڈاکٹر محمد عالم  قاسمی ، مولانا رضوان احمد اصلاحی امیر جماعت اسلامی بہار،مولانا شہزاد اکرام ندوی، نائب ناظم جامعۃ البنات رشیدیہ گیا، ایڈوکیٹ جاوید اقبال، مولانا خالد حسین نیموی بیگو سرائے، جناب عارف اقبال، مولانا گوہر قاسمی، مولانا مفتی نوشاد قاسمی چمپارن،جناب فیروز صدیقی دہلی، جناب نجم الحسن نجمی چیئرمین نجم فاؤنڈیشن پھلواری شریف، مولانا مسرور عالم قاسمی مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، مولانا رحمت اللہ ندوی سمستی پور، مولانا سید محمد عادل فریدی سکریٹری ابو الکلام ریسرچ فاؤنڈیشن پٹنہ، مولانا سجاد ندوی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ سیمینار کی حتمی تاریخ کا اعلان اگلی نشست کے بعد کیا جائے گا۔جب کہ تیاریوں کے سلسلہ میں خبریں وقتا فوقتا دی جاتی رہیں گی ۔


سمینار کے سلسلہ میں رابطہ کا نمر یہ ہے۔

6201652058 E-mail nizamuddinfoundation2018@gmail.com

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages