ممبئی-ناگپور ایکسپریس وے سمردھی مہامرگ پر دلخراش حادثہ
کنٹینر اور منی بس تصادم میں 12 افراد ہلاک، 23 زخمی..
ممبئی: مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں اتوار کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ سمردھی ایکسپریس وے پر تیز رفتار منی بس کے کنٹینر سے ٹکرانے کی وجہ سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے اور 23 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پرائیویٹ بس میں 35 مسافر سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ ضلع میں ایکسپریس وے کے ویجا پور علاقے میں پیش آیا۔ یہ جگہ ممبئی سے تقریباً 350 کلومیٹر دور ہے۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ بس ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں بس پیچھے سے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔ مرنے والوں میں پانچ مرد، چھ خواتین اور ایک نابالغ لڑکی شامل ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ دلخراش حادثہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ منی بس کے مسافر اورنگ آباد کے راستے بلڈانہ سے ناسک جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا، 'بس بلڈانا سے اورنگ آباد آ رہی تھی اور شاہراہ کے کنارے کچھ دیر کے لیے رکی تھی، تب اچانک ٹرک نے اسے پیچھے سے ٹکر مار دی۔'
متاثرین بلڈھانہ کی مشہور سائی بابا درگاہ کی زیارت کرنے کے بعد ناسک میں اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ افسر نے بتایا کہ زخمیوں کو چھترپتی سمبھاج نگر، کچھ ناسک اور کچھ پونے کے اسپتالوں میں تشویشناک حالت میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ کنٹینر ضبط کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں