پولیس کو چکمہ دے کر اسپتال سے فرار ہونے والا ڈرگ ڈان للت پاٹل ممبئی پولیس کی حراست میں۔
ممبئی: دو ہفتے قبل پونے کے سسون اسپتال سے فرار ہونے والے ڈرگ ڈان للت پاٹل کو ممبئی پولیس کی ٹیم نے چینئی میں 17 اکتوبر کی رات گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق اسے ممبئی لایا جا رہا ہے۔ پولیس اسے پونے لے جانے سے پہلے اس کے ریمانڈ کا مطالبہ کرے گی۔ ممبئی پولیس نے اس سے قبل ناسک میں اس کے غیر قانونی ڈرگ مینوفیکچرنگ یونٹ کا پردہ فاش کیا تھا۔ پمپری-چنچوڑ پولیس نے اکتوبر 2020 میں اس کے ایم ڈی (میفیڈرون) کے کروڑوں روپے کے ریکیٹ کو تباہ کرکے للت پاٹل کو گرفتار کیا تھا وہ تب سے جیل میں تھا۔ جون میں اسے ٹی بی اور ہرنیا کے علاج کے لیے سسون اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ 2 اکتوبر (گاندھی جینتی) کو ایکسرے کے لیے لے جاتے ہوئے موقع پاکر للت پاٹل پولیس کو چکمہ دیے کر ہسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس پر ایک بڑا سیاسی ہنگامہ بھی کھڑا ہوگیا تھا۔
شیو سینا (یو بی ٹی) کی لیڈر سشما آندھرے اور کانگریس کے بالا صاحب تھوراٹ نے للت پاٹل کے پونے کے اسپتال سے فرار ہونے کے بعد بڑی تنقید کی تھی۔ ان لیڈروں نے للت پاٹل کے فرار میں حکمراں اتحاد کے ایک وزیر کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ للت پاٹل کے فرار ہونے سے صرف تین دن پہلے، پونے پولیس نے اس کے ساتھی سبھاش منڈل کو سسون اسپتال کے باہر سے 2 کروڑ کی مالیت کی 1.70 کلوگرام منشیات کے ایک پیکٹ کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ للت پاٹل نے منڈل کو کینٹین بوائے کے ذریعے منشیات سپلائی کی تھی۔ ہسپتال سے فرار ہونے کے بعد، للت پاٹل مبینہ طور پر سڑک کے راستے گجرات چلا گیا۔ پھر اپنے ڈرگ مافیا کے رابطوں کے ذریعے وہ کرناٹک پہنچا اور وہاں سے چنئی چلا گیا جہاں ممبئی پولیس کی ایک ٹیم نے اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے اسے ٹریک کرنے اور پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ دریں اثنا، پونے پولیس نے للت پاٹل کے بھائی بھوشن پاٹل اور ایک ساتھی ابھیشیک بلواڈکر کو 10 اکتوبر کو منشیات کے مفرور ڈان کا پتہ لگانے کی کوششوں کے تحت گرفتار کیا تھا۔
للت پاٹل ناسک کے مولرو کا رہنے والا ہیں۔ پاٹل کو منشیات کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ پاٹل کا منشیات کا نیٹ ورک بیرون ممالک تک پھیلا ہوا تھا۔ اسے یروڈا جیل میں رکھا گیا تھا۔ للت پاٹل نے 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کا خاندان اس کے والدین ، بھائی، بیوی اور دو بچوں پر مشتمل ہے۔ اپنی پہلی بیوی کی حادثاتی موت کے بعد پاٹل نے دوسری شادی کی۔ للت پہلے ایک وائن کمپنی میں کام کرتا تھا۔ للت پاٹل کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں سے وہ فرار ہو گیا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں