"ملک میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہی آج کی حقیقی قوم پرستی ہے": حسین خان کا اظہار خیال ۔
مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹِس کی جانب سے جلسہ تقسیم ِانعامات۔
جلگاؤں: (عقیل خان بیاولی) موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم.پی.جے.)کی جانب سے" دستور ہند کی قدر اور بھائی چارہ " موضوع پر منعقدہ مضمون نویسی مقابلے کے جلسہ تقسیم انعامات پروگرام کا انعقاد حسین خان (سیکرٹری ایم. پی. جے.) کی صدارت میں منعقد ہوا اپنی صدارتی تقریر میں موصوف نے کہا کہ آج ملک میں چند لوگ ذات پات، مذہب اور زبان کی بنیاد پر فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس صورتحال میں ہندوستانی آئین کی اُخوت کی قدر کو نافذ کیا جانا چاہیے ایک ہندوستانی ہونے کے ناطے بھائی چارہ ہر ہندوستانی شہری نے عمل میں لانا چاہیے اس بات کو فروغ دینا آج کی حقیقی قوم پرستی ہے۔قبل ازیں تنظیم کے ریاستی نائب صدر محمود خان نے اغراض و مقاصد اور مضمون نویسی کے ساتھ ساتھ ”اخوت“ مہم کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔مہمان خصوصی جَن کرانتی مورچہ کے صدر مکند سپکاڑے نے کہا کہ آج ملک میں نفرتی مزاج کے جذبات بناۓ جا رہے ہیں، ملک کے آئین نے ہندوستان کے ہر شہری کو عزت کے ساتھ جینے کا حق دیا ہے اِس ملک کو تمام ہی ذات اور مذاہب کے ماننے والو ں نے آزادی دلائی ہے۔ یہ ملک یہا ں رہنے والے ہر شہری کا ہے۔
پروفیسر ملند باگل (ادیب و صحافی) نے کہا کہ اگر ملک کو ترقی پر لانا ہے تو مساوات، آزادی، انصاف اور بھائی چارے کو براہ راست نافذ کرنا ہوگا۔اسی طرح بینڈالے کالج کے سابق پرنسپل رانے نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کارپوریٹ کمپنیوں کے ہاتھوں بیچا جا رہا ہے، غریب اور عام لوگوں کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہو رہا ہے۔حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے پولرائزیشن کی سیاست کر رہی ہے، ملک کی ترقی امن اور انصاف بھائی چارہ میں ہے۔
محمد سمیع (ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر) نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محبت اور بھائی چارہ ہمارے ملک کا اصل چہرہ ہے،اگر ہم عالمی لیڈر بننا چاہتے ہیں تو انسان کو انسان سے جوڑنا ہوگا ،توڑنے کی سیاست بھارت کو زوال کی طرف لے جا سکتی ہے
مضمون نویسی کے مقابلے کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ سینئر گروپ اور جونیئر گروپ میں سینئر گروپ میں پہلا انعام زویا شیخ جاوید (ایچ جے تھیم کالج) دوسرا اِنعام علینہ ذاکر منیار (اقرا ڈی ایڈ کالج) اور تیسرا انعام عظمیٰ جبین عبدالرحیم (ایچ جے تھیم کالج) نے حاصل کۓ۔جونیئر گروپ میں پہلا انعام پائل مان سنگھ راجپوت (کاشی بائی کولہے وِدّیالیہ)، دوسرا انعام جانوی سنجے کھیرنار (کاشی بائی کولہے مہاوِدّیالیہ، جلگاؤں)، تیسرا انعام مصباح اعجاز کھاٹک (کے کے گرلز ہائی اسکول جلگاؤں) نے حاصل کۓ۔اس لئے موقع پر الحاج عبدالمجید سیٹھ زکریا (ورلڈ میمن فاؤنڈیشن) اور شیخ مشتاق احمدسر (سابق پرنسپل ملّت کالج) مہمانانِ خصوصی کے طور پرموجود تھے۔نظامت پروفیسر محمود خان نے کی اور رسم شکریہ عادل خان (مقامی صدر) نے انجام دی۔ کامیابی کے لئے عادل خان (مقامی صدر)، نعیم شیخ (سیکرٹری)، احمد سیٹھ، رحیم الدین، رئیس امیر،ماجد خان، عمار خان، نعمان خان و اراکین ایم پی جے نے بھرپور محنت کیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں