ممبئی کی ماڈل کی مبینہ عصمت دری اور بلیک میلنگ کے ملزم کو پولیس نے کیا بہار سے گرفتار
رانچی: ممبئی کی ایک ماڈل کے ساتھ ریپ اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو رانچی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم تنویر اختر محمد لئیق خان جو اصل میں رانچی کا رہنے والا ہے، بدھ کو بہار کے اریہ ضلع سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کی یہ کاروائی ماڈل کی جانب سے عصمت دری اور بلیک میلنگ کا الزام لگانے کے دو ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔
معلومات کے مطابق، پولیس تمام طریقۂ کار کو مکمل کرنے کے بعد ملزم کو رانچی لے جائے گی۔ ماڈل کی شکایت پر ممبئی کے ورسوا تھانے کی پولیس نے مئی کے آخری ہفتے میں ملزم تنویر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 376 (2) (این)، 328، 506، 504، 323 اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
تاہم بعد میں کیس رانچی پولیس کو منتقل کر دیا گیا کیونکہ یہ واردات وہاں پیش آئی تھی۔متاثرہ نے ممبئی پولیس کو اپنی شکایت میں بتایا کہ وہ اصل میں بہار کے بھاگلپور ضلع کی رہنے والی ہے۔ وہ 2021 میں کام کے سلسلے میں رانچی گئی تھی، جہاں وہ ملزم کے رابطے میں آئی، جس کے بعد سے وہ بار بار اس کی عصمت دری کرتا رہا اور ساتھ ہی اسے بلیک میل کیا۔
متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ملزم نے اسے دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے اس حوالے سے کسی کو بتایا تو برے نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔ وہ اس کی فحش تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرے گا۔ تاہم، ملزم تنویر اختر نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے، جس میں متاثرہ نے اس پر اپنی "فحش" تصاویر وائرل کرنے اور اسے "بلیک میل" کرنے کا الزام لگایا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں