جمعیۃ علماء (ارشد مدنی) کے وفد کی ایس پی راکیش اولا سے ملاقات بے گناہ مسلمانوں کی رہائی کا مطالبہ
ممبئی 5؍جون: گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے شیوگائوں احمد نگر میں ہوئے فرقہ وارانہ فساد میں پولس کی جانب سے یک طرفہ مسلمانوں کی گرفتاری پر آج جمعیۃعلماء کے وفد نے دوارہ متاثرہ علاقہ کا دورہ کرکےایس پی راکیش اولا سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ بے گناہوں کی گرفتاری پر فوراً روک لگائی جائے اور گرفتار شدگان کو رہا کیا جائے ۔
وفد جس میں قاری محمد ادریس انصاری صدر جمعیۃعلماء شہر پونے ،حافظ نیاز ،حافظ بسم اللہ ،فیروز پٹھان، ایڈوکیٹ ایوب الٰہی بخش صدر آر پی آئی مہاراشٹر پونے، نواب شیخ ، عارف پٹیل، وہاب شیخ وغیرہ شامل تھے نے ایس پی راکیش اولا سے ملاقات سے قبل حالات کا جائزہ لیا، وفد سے ملاقات کے بعد ایس پی راکیش اولا نے وفد کو یقین دلایا کہ بے گناہوں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا اورجو بے قصور گرفتار ہوئے ہیں ان کی رہائی کے قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جمعیۃ کے وفد نے فساد زدہ علاقہ کا دورہ کیا تھا ،اس دورہ کے بعد بھی بہت سارے لوگوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں اس کے بعد جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے سیکریٹری لیگل سیل گلزار احمد اعظمی نے ہوم منسٹر آف مہاراشٹر شری دیویندر فڈنویس،مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جناب عارف نسیم خان و حلقہ کے ممبران پارلیمنٹ و اسمبلی کو مکتوب روانہ کرکے پولس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف یک طرفہ گرفتاری پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ فسادیوں نے تو اقلیتی طبقہ کے مال کو لوٹا ،آگ لگائی اور توڑ پھوڑ بھی کی، لیکن اب علاقہ کی پولس مسلمانوں کی بے جا گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کی بناء پر مسلمانوں میں خوف و ہراس ہے اکثر مردوں نے گاؤں کو چھوڑ دیا ہے، صرف مستورات وہاں ہیں، اس پر آپ کو توجہ دینی چاہئے اور مسلمانوں کی بے جا گرفتای کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔
گلزار اعظمی نے مکتوب میں لکھا تھا کہ ہماری اطلاع کے مطابق فسادی دندناتے پھر رہے ہیں اور پولس ان پر کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے ۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ شیوگائوں میں امن بحال ہوسکے اور مسلمانوں میں جو خوف و ہراس پیدا ہوا ہے وہ دور ہوسکے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں