src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> پیغمبر اسلام تاریخ کے آئینے میں ایک مطالعہ - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

منگل، 11 اپریل، 2023

پیغمبر اسلام تاریخ کے آئینے میں ایک مطالعہ

 




پیغمبر اسلام تاریخ کے آئینے میں ایک مطالعہ 


  محمد ضیاء العظیم قاسمی،ڈائریکٹر مدرسہ ضیاءالعلوم پٹنہ واستاذ جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ پھلواری شریف 

موبائل نمبر :      7909098319


نام کتاب : پیغمبر اسلام تاریخ کے آئینے میں 

مصنف /مترجم :      شاہد احمد 

سال اشاعت :        2022 

صفحات :                448

تعداد اشاعت :          500 

کمپوزنگ :       محمد امتیاز عالم ندوی 

سر ورق :        دھیرج کمار 

طباعت :        ارم پرنٹرس ،دریا پور پٹنہ 

قیمت :          600/روپے 

ملنے کے پتے :  بک امپوریم، سبزی باغ پٹنہ 

پرویز بک ہاؤس، سبزی باغ پٹنہ  


تاریخ سیرت نبویﷺ کامو ضوع ہر دور کے مسلم علماء، مفکرین، دانشوروں اور مصنفین کے افکار وتوجہات کے مرکز رہے ہیں،اور ہمیشہ اسے ان لوگوں نے اپنے لئے باعث سعادت سمجھا ہے ۔ ہر ایک نے اپنی اپنی وسعت وگنجائش اور رب العالمین کی عطاء کردہ توفیق وتوثيق کے مطابق اس پر خامہ فرسائی کی ہیں ۔ نبی کریمﷺ کی تاریخ وسیرت کا مطالعہ کرنا ہمارے ایمان کے اہم جزئیات میں شامل ہے ۔ قرآن مجید میں نبی کریمﷺ کی حیات طیبہ اور سیرت کو ہمارے لئے ایک کامل نمونہ قرار دیا جا چکا ہے، اور ساتھ ہی یہ فرمان جاری کردیا گیا ہے کہ تمہاری زندگی صرف انہیں طریقے کو اپنا کر اور اس پر عمل پیرا ہو کر کامیاب ہو سکتی ہے، یہاں تک کہ رب العالمين نے اپنی رضامندی صرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی اور ان سے محبت پر منحصر رکھی ہے ۔اخلاق وآداب کا کون سا ایسا معیار ہے جو آپﷺ کی حیات مبارکہ سے نہ ملتا ہو۔ اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺ کے ذریعہ دین اسلام کی تکمیل ہی نہیں ،بلکہ نبوت اور راہنمائی کے سلسلہ کو آپ کی ذات اقدس پر ختم کر کےنبوت کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سیرت انسانیت کی بھی تکمیل فرما دی کہ آج کے بعد اس سے بہتر ،ارفع واعلیٰ اور عمدہ نمونہ و کردار کا تصور بھی ناممکن اور محال ہے۔ آپﷺ کی تاریخ وسیرت طیبہ پر متعدد زبانوں میں بے شمار کتابیں لکھی جا چکی ہیں، اور لکھی جا رہی ہیں اور تا قیامت لکھی جاتی رہیں گی ۔ کئی غیرمسلم مفکرین اور سوانح نگاروں نے نبی کریم ﷺکی سیرت و اخلاق سے متاثر ہوکر سیرت نبوی ﷺپر بڑی شاندار کتابیں مرتب کی ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ پیغمبر اسلام تاریخ کے آئینے میں ‘‘ محترم شاہد احمدسمن پورہ پٹنہ (سابق ڈی جی پی منی پور) کی ایک شاہکار تصنیف ہے جسے مصنف نے اپنی تصنیف کردہ انگریزی کتاب "The Prophet of Islam in History" کا اردو زبان میں بیحد خوبصورتی کے ساتھ ترجمہ کیا ہے ۔448/صفحات اور گیارہ ابواب پر مشتمل یہ کتاب ہے،

کتاب کا سر ورق دیکھ کر ہی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مصنف نے بڑی محنت وکاوش اور عرق ریزی کے ساتھ اس تصنیفی مرحلے کو طے کیا ہے، کتاب میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے اور تعلق سے جتنی بھی باتیں اور تاریخیں لائ گئ ہیں وہ سب مستند کتابوں کے حوالے کے ساتھ ہیں جو اس کتاب کے معیار کو بہت بلند کرتی ہے ۔

کتاب کی شروعات دیباچہ سے کی گئی ہے جس میں مصنف نے وجہ تالیف وتصنیف کے ساتھ ساتھ سیرت اور تاریخ سیرت کی اہمیت و افادیت پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے اظہارو خیال، احساسات وجذبات اور عشق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا اظہار کیا ہے،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے واسطے کیا اہمیت رکھتی ہے سیرت کا جاننا سمجھنا کیوں ہمارے لئے ضروری ہے ان سب پر اظہار کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے منسلک واقعات اور رجحانات پر تاریخی اعتبار سے ایک سرسری اور اجمالی خاکہ پیش کیا ہے ۔


دس ابواب میں اسلامی تاریخ اور تاریخ سیرت کا احاطہ کرنے کی مصنف و مؤلف نے خوبصورتی کے ساتھ بھر پور سعی کی ہے اور اپنی اس سعی میں وہ حتی الامکان کامیاب وکامران نظر آتے ہیں ۔


 کتاب کی وجہ تالیف بزبان مصنف :

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تاریخ حیات کا عمیق مطالعہ کرنے کے بعد رسول کریم ﷺ کی تاریخی تصویر کو اپنی انگریزی تصنیف "The Prophet of Islam in History" میں نہایت ہی صداقت اور غیر جانبدارانہ طریقے کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی ہے ۔پیش نظر کتاب اسی کا اردو ترجمہ ہے جو اس خیال سے کیا گیا ہے کہ بیشمار اردو داں قارئین جنہیں انگریزی کا زیادہ علم نہیں ہے اس اردو کتاب سے مستفیض ہونے سے محروم نہ رہ جائیں ۔

یقیناً مصنف و مؤلف کی سوچ فہم وفراست بڑی ہے ۔

دس ابواب پر مشتمل یہ اس کتاب کی فہرست اس طرح ہے ۔

باب اول :( حضرت محمد ﷺ کے بارے میں تاریخ نویسی) اس باب میں آپ ﷺ کی سیرت کو تاریخی حیثیت کیا ہے؟ مؤرخین کی رائے سیرت اور تاریخ اسلام پر کیا ہے ان سب موضوعات پر جامع تبصرہ پیش کیا گیا ہے ۔

باب دوم: (رسول اللہ ﷺ کی آمد کے وقت عرب کے حالات) اس باب میں آپ ﷺ کی آمد سے قبل اور آمد کے وقت عرب کے کیا حالات تھے اور آپ کی دعوت تبلیغ نے کیا رنگ لایا اس کا جائزہ پیش کیا گیا ہے ۔

باب سوم :  (محمد ﷺ کی ابتدائی زندگی) اس باب میں آپ ﷺ کی ابتدائی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کے اوصاف واطوار آپ کے کردار کا خوبصورت نقشہ کھینچا گیا ہے ۔

باب چہارم : (نزول وحی اور خفیہ دعوت اسلام) اس باب میں وحی کے نزول کی ابتداء، خفیہ دعوت تبلیغ کس انداز میں کی گئی، اور دعوت تبلیغ نے کیا انقلاب برپا کیا اس پر بڑی اچھی گفتگو کی گئی ہے ۔

باب پنجم : (اعلانیہ دعوت اسلام اور اس کا رد عمل) اس باب میں اعلانیہ طور پر دین کی دعوت تبلیغ کے کیا نتائج برآمد ہوئے ان پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہیں ۔

باب ششم : (مسلمانوں پر کفار کے ظلم وستم) اس باب میں غریب کمزور اور لاچار ومجبور مسلمانوں پر ظلم زیادتی کس طرح کی گئی ہے اس پر تبصرہ ہے ۔

باب ہفتم : ہجرت :(ایک فیصلہ کن تبدیلی) اس باب میں مسلمانوں کے لئے مدینہ ہجرت کرنا، اور اللہ کا یہ فیصلہ مسلمانوں کے حق میں کیا رنگ لایا ۔

باب ہشتم :( اللہ کے لئے جہادی جنگ) اس باب میں جہاد کی حقیقت وضرورت، جہاد کے اسباب وجوہات ان باتوں کی وضاحت ۔

باب نہم : (شکست اور اسلامی اقتدار کی بحالی) اس باب میں اسلامی جنگ اور اسلامی اقتدار کس طرح بحال ہوا ان موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔

باب دہم :( امن کی طرف) اس باب میں جنگ کے بعد اور جنگی نتائج کا نقشہ کھینچا گیا ہے ۔

باب یازدہم : (نصب العین کی تکمیل) اس باب میں مشترکہ طور پر اسلامی تاریخ ، نبی کریم ﷺ کے احوال، اصحاب رضی اللہ عنہم اجمعین کے واقعات وغیرہ بیان کئے گئے ہیں 


آخر میں ضمیمہ عنوان قائم کرکے محمد ﷺ کی بیویوں کی تاریخی پس منظر، فہرست، اور خاندانی تعارف کرایا گیا ہے ساتھ ساتھ نبی کریم ﷺ کے لئے تعدد الزوجات کی وجہیں، ضرورتیں ان سب کو بہترین پیرائے کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔

یقیناً یہ تصنیف محترم شاہد احمد ساکن سمن پورہ پٹنہ ( سابق ڈی جی پی) کی شخصیت اور آپ کے دینی مزاج اورنظریات کو اجاگر کرتی ہے،مختصر سیرت اور تاریخ اسلام کے لحاظ سے یہ ایک عمدہ تصنیف ہے، آپ اپنی ہزاروں مصروفیات کے باوجود صرف عشق نبی کی وجہ سے بڑی محنت اور لگن کے ساتھ اس تصنیفی سفر کو طے کیا ۔ہم اپنی جانب اور ادارہ کی جانب سے آپ کو اس تصنیف پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ رب العزت اس کتاب کو آپ کے لئے اور ذریعۂ نجات بنائے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages