محمد اشرف علی بن محمد شکیل نے ایک بیٹھک میں مکمل قرآن مجید حفظ سنایا
پھلواری شریف پٹنہ مورخہ 3/مارچ 2023 (پریس ریلیز :محمد ضیاء العظیم قاسمی) جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ میں ہمارے ایک شاگرد محمد اشرف علی بن محمد شکیل ساکن اروا بچھواڑا ضلع بیگو سرائے بہار نے ایک بیٹھک میں قرآن مجید زبانی سنایا ۔واضح رہے کہ محمد اشرف مورخہ 2 مارچ رات 1/بجے سے قرآن مجید دو اساتذۂ کرام اور دو طالب علم کی نگرانی میں سنانا شروع کیا اور 2/مارچ تقریباً صبح 9/بجے مکمل قرآن مجید سنا ڈالا ، قرآن مجید جن اساتذہ کرام اور طالب علم کی نگرانی میں سنایا ان میں محمد ضیاء العظیم قاسمی ،قاری واجد علی عرفانی، اور طالب علم میں یوسف، مہدی علی، علی شیر کا نام مذکور ہے، اس کارہائے نمایاں پر مدرسہ کے تمام اساتذہ وکارکنان نے محمد اشرف کو مبارکبادی پیش کرتے ہوئے دعائیں دیں،
یقیناً قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام ،یہ سیدنا محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کی گئی ہے ۔ یہ دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔اس نے اپنے سے پہلے کی سب الہامی کتابوں کو منسوخ کردیا ہے۔ اوران میں سےکوئی بھی آج اپنی اصل صورت میں محفوظ نہیں ۔ قرآن مجید بھی تھی، ہے، اور ان شاء اللہ تا قیامت محفوظ رہے گی، ساتھ ساتھ اس کے معانی مفاہیم اور احکامات بھی محفوظ رہیں گے، قرآن تمام پہلی کتابوں کی تعلیمات کواپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے ۔اور قرآن مجید واحد ایسی کتاب کے جو پوری انسانیت کےلیے رشد وہدایت کا ذریعہ ہے اللہ تعالی نے اس کتاب ِہدایت میں انسان کو پیش آنے والےتما م مسائل کو تفصیل سے بیان کردیا ہے جیسے کہ ارشادگرامی ہے کہ و نزلنا عليك الكتاب تبيانا لكل شيء، قرآن مجید سیکڑوں موضوعا ت پرمشتمل ہے۔مسلمانوں کی دینی زندگی کا انحصار اس مقدس کتاب سے وابستگی پر ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اسے پڑ ھا اور سمجھا نہ جائے۔ قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کا ذمہ خود لیا۔اور اپنے مخصوص بندے کے سینے میں اسے محفوظ فرماتے ہیں، قرآن کریم ایک ایسا معجزہ ہے کہ تمام مخلوقات مل کر بھی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔قرآن مجید وہ دریچہ ہے جس سے ہم اپنی ماضی، حال اور مستقبل تینوں بیک وقت دیکھ سکتے ہیں، اس کی عظمت کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب جس سرزمین پر نازل ہوئی اس نے وہاں کے لوگوں کو فرشِ خاک سے اوجِ ثریا تک پہنچا دیا۔اس نےان کو دنیا کی عظیم ترین طاقت بنا دیا۔قرآن واحادیث میں قرآن اور حاملین قرآن کے بہت فضائل بیان کے گئے ہیں ۔نبی کریم ﷺ نے اپنی زبانِ رسالت سے ارشاد فرمایا: «خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ القُرْآنَ وَعَلَّمَهُ» صحیح بخاری:5027) اور ایک حدیث مبارکہ میں قوموں کی ترقی اور تنزلی کو بھی قرآن مجید پر عمل کرنے کےساتھ مشروط کیا ہے ۔ارشاد نبو ی ہے : «إِنَّ اللهَ يَرْفَعُ بِهَذَا الْكِتَابِ أَقْوَامًا، وَيَضَعُ بِهِ آخَرِينَ»صحیح مسلم :817)تاریخ گواہ کہ جب تک مسلمانوں نے قرآن وحدیث کو مقدم رکھااور اس پر عمل پیرا رہے تو وہ دنیا میں غالب اور سربلند رہے ۔ انہوں نے تین براعظموں پر حکومت کی اور دنیا کو اعلیٰ تہذیب وتمدن اور بہترین نظام ِ زندگی دیا ۔ اور جب قرآن سے دوری کا راستہ اختیار کیا تو مسلمان تنزلی کاشکار ہوگئے۔
واضح رہے کہ جامعہ عربیہ دارالعلوم محمدیہ البا کالونی پھلواری شریف پٹنہ(بیاد حاجی شفیع مرحوم منیر کالونی پھلواری شریف پٹنہ) یہ ایک خالص دینی ادارہ ہے جو شہر پٹنہ کے پھلواری شریف میں واقع ہے جہاں مقامی وبیرونی طلباء اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں حفظ وناظرہ کے ساتھ ساتھ بنیادی عصری تعلیم کا بھی نظم ونسق ہے ،اس وقت مدرسہ میں تقریباً تیس طالب علم ہاسٹل میں ہیں جن کی مکمل کفالت مدرسہ ھذا کے ذمہ ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں