ضیائے حق فاؤنڈیشن و سمستی پور کالج کے اشتراک سے ڈاکٹر ستین کمار کے اعزاز میں عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر پروگرام کا انعقاد
سمستی پور مورخہ 21/فروری 2023 ( پریس ریلیز :ڈاکٹر صالحہ صدیقی) شعبۂ اردو سمستی پور کالج میں عالمی یوم مادر زبان کے موقع پر ملک کی مشہور ومعروف تنظیم ضیائے حق فاؤنڈیشن (ٹرسٹ) اور سمستی پور کالج کی جانب سے شعبۂ اردو سمستی پور کالج میں ایک خوبصورت پروگرام کا انعقاد کیا گیا،جس کی صدارت ڈاکٹر ستین کمار پرنسپل سمستی پور کالج نے کی،اور مہمان خصوصی ڈاکٹر دورگیش رائے اور مہمان اعزازی ڈاکٹر منھر رہے۔اس نشست کا عنوان " اُردو زبان کی اہمیت " رہا۔جس میں طلبہ وطالبات نے بھی شرکت کیں اور مضامین ، نظمیں، غزلیں بھی پیش کیں۔ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے پرنسپل ڈاکٹر ستین کمار نے توصیفی سند سے بھی نوازا۔ کیوں کہ زبان دراصل اظہار خیال کا ایک اہم وسیلہ اور ذریعہ ہے، زبان کے ذریعہ انسان اپنے احساسات وجذبات اور اپنے خیالات کا اظہار کرتا ہے ۔ واضح رہے کہ اس پروگرام میں زبان اور مادری زبان پر کھل کر اظہار کیا گیا ۔
ڈاکٹر ستین کمار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انسان غیر شعوری طور پر جس زبان کا استعمال کرتا ہے، جس کے اظہار میں کسی طرح کا اکتساب شامل نہیں ہوتا ہے وہ دراصل مادری زبان ہوتی ہے، مادری زبان کے ذریعہ انسان دوسری زبانیں اور علوم و فنون سیکھتا ہے، مادری زبان کی اہمیت و افادیت سے کوئی بھی فرد ناواقف نہیں ہے۔مادری زبان سے ہر انسان کو محبت ہوتی ہے، انسان جس قدر بھی ترقی حاصل کرے لیکن اسے اپنی مادری زبان سے بے پناہ انسیت ومحبت ہوتی ہے کیونکہ اس میں وہ اپنی تہذیب و ثقافت کا عکس دیکھتا ہے،ڈاکٹر صالحہ صدیقی چئیر پرسن ضیائے حق نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مادری زبان کی حفاظت دراصل اپنی تہذیب و ثقافت کی حفاظت ہے، مادری زبان میں ہم کسی بھی بات کو بخوبی سمجھا سکتے ہیں، مادری زبان دراصل وسیلہ ہوتا ہے دیگر زبانوں کے سیکھنے کا، نیز ضیائے حق فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے متعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ وہ تنظیم ہے جس نے بہت کم وقتوں میں اپنی خدمات کی بنا پر ایک انفرادی شناخت حاصل کی ہے ۔
اس موقع پر ڈاکٹر ستین کمار پرنسپل سمستی پور کالج کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ضیائے حق فاؤنڈیشن کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ۔
پروگرام میں جن طلبہ وطالبات نے مضامین، غزل نظم پیش کی، ان میں عائشہ خاتون، رفعت پروین، محمد عرفان، محمد عاقب، محمد جاوید، مبشرہ تبسّم، عفیفہ جاوید کا نام خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔
پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر ستین کمار شعبہ اردو کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے بیحد خوشی ومسرت ہوئی کہ میرے اعزاز میں اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا، شعبئہ اُردو میں اتنے فعال طلباء ہیں۔ یقیناً یہ میرے لئے بڑی سعادت کی بات ہے، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اردو زبان وادب کی ترویج و ترقی میں ہم سب بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کیوں کہ یہ زبان محبت کی زبان ہے،
آخر میں صدر کی اجازت سے پروگرام کا اختتام ہوا ۔ اس پروگرام میں دیگر اساتذہ بھی بڑی تعداد میں موجود رہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں