شادی شدہ مرد و خواتین ازدواجی زندگی کے آداب سیکھیں!
دلاور ہال کے تربیتی پروگرام سے علماء کرام کا خطاب
مورخہ ۲؍فروری بروز جمعرات بعد نماز عشاء فوراً دلاور ہال (قدوائی روڈ )میں ’’خوشگوار ازدواجی زندگی کے رہنما اصول‘‘ کے عنوان سے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا ،جس کی صدارت مولانا سعید احمد ملی صاحب نے فرمائی ۔قاری شہزاد صاحب کی تلاوت اور حافظ توصیف صاحب کی نعت سے پروگرام کا آغاز ہوا ،اس کے بعد مقرر خصوصی مولانا شفیق الرحمن فلاحی صاحب نے خطاب فرمایا ،انہوں نے اپنے خطاب میں حضور ﷺ اور ازواج مطہرات ؓ کی ازدواجی اور گھریلو زندگی پر روشنی ڈالی ،اور بتایا کہ حضور ﷺ کی زندگی ہمارے لیے زندگی کے ہر مر حلے میں نمونہ ہے،اس لیے ہمیں حضور ﷺ کے طرز زندگی کو معلوم کر کے اس کو اختیار کرنا چاہیے ،انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج اکثر مرد اور خواتین حضور ﷺ کی ازدواجی زندگی سے ناواقف ہیں اور من مانے طریقے پر زندگی گزارتے ہیں ،جس کے نتیجے میں اختلافات پیدا ہوتے ہیں ،انہوں نے شوہر کی ذمہ داریاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی بیوی کے ساتھ اگر اچھا سلوک کریں گے تو نہ صرف یہ کہ ہماری ازدواجی زندگی خوشگوار ہوگی بلکہ ہمیں اپنی بیٹی کے لیے بھی اچھا شوہر ملے گا ۔آج کون ایسا باپ ہوگا کہ جو یہ نہ چاہے کہ اس کو اچھا دامادملے،اپنے خطاب کے اخیر میں انہوں نے ازواج مطہرات ؓ کی گھریلو زندگی اور ان کے حضور ﷺ کے ساتھ سلوک پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ خواتین ازواج مطہرات کی پیروی کریں ،موصوف نے خواتین کو شوہر کی خدمت اور اطاعت کی تاکید بھی کی اور اس تر بیتی پروگرام کے انعقاد کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے منتظمین کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔
اخیر میں مفتی محمد عامر یاسین ملی صاحب کا خصوصی خطاب ہوا ،جس میں انہوں نے ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کو بیان کیا،انہوں نے بتایا کہ آج بہت سارے مرد اور عورتیں ازدواجی زندگی کو لے کر پریشان ہیں،جس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ والدین نکاح سے پہلے اپنے بیٹے اور بیٹیوں کی رہنمائی نہیں کرتے ،انہوں نے مختلف کتابوں کی نشان دہی کرتے ہوئے ازدواجی جوڑوں کو ان کا مطالعہ کر کے ازدواجی زندگی کے اصول وآداب سیکھنے کی ترغیب دی ،موصوف نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ ہر معاملے میں شوہر ہی ظالم ہو ،بعض مرتبہ عورتیں بھی اپنے شوہروں اور ساس پر زیادتی کرتی ہیں ،مفتی صاحب نے ازدواجی جوڑوں کو صبر وشکر اور عفو ودر گزر کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی نصیحت کی ،اپنے خطاب میں انہوں نے بیوی کی اصلاح کے قرآنی طریقوں کو تفصیل سے بیان کیا ،ساتھ ہی خطبہ نکاح کا ترجمہ بیان کر کے بتایا کہ جس کے دل میں اللہ کا ڈر اور خوف ہوگا وہ اپنےشریک حیات اور دیگر رشتے داروں کے حقوق ادا کرے گا۔
اس پروگرام میں مرد حضرات کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی ،صدر جلسہ کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا ،نظامت کے فرائض مفتی عطاء الرحمن انوری صاحب نے انجام دیے ۔
نوٹ:دوسرا تربیتی پروگرام مورخہ ۹؍فروری بروز جمعرات بعد نماز عشاء فوراً دلاور ہال (قدوائی روڈ )میںمنعقد ہوگا،جس میں خاندانی اختلافات اور ان کا حل کے موضوع پر مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی صاحب خطاب کریں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں