src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> تواضع اور انکساری انسان کو بڑا بناتی ہے! اصلاحی مجلس سے حضرت مولانا قمرالزماں الہ آبادی کا خطاب - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

اتوار، 15 جنوری، 2023

تواضع اور انکساری انسان کو بڑا بناتی ہے! اصلاحی مجلس سے حضرت مولانا قمرالزماں الہ آبادی کا خطاب





تواضع اور انکساری انسان کو بڑا بناتی ہے! اصلاحی مجلس سے حضرت مولانا قمرالزماں الہ آبادی کا خطاب




مورخہ ۱۵؍جنوری بروز اتوار صبح گیارہ بجے مسجد نعمانی معہد ملت میں دو روزہ مجالس اصلاح و تربیت کا آغاز ہوا۔ ابتدائی تقریب حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب کی سرپرستی اور حضرت مولانا سعید احمد ملی قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمان معظم شیخ المشائخ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی نے خطاب فرمایا، انہوں نے کہا کہ طالبان علوم نبوت کو حضور اکرمﷺ کے اس ارشاد خیر کم من تعلم القرآن و علمہ پر دل سے یقین کرنا چاہیے اور علوم دینیہ میں محنت کے ساتھ ساتھ اپنےاندر تواضع اور انکساری پیدا کرنی چاہیے، ہمارےاکابرواسلاف کاطرز عمل یہی تھا کہ انہوں نے اپنے آپ کو مٹایا اورجھکایاتھا۔حضرت علامہ سید سلیمان ندویؒ نے جب حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ سےاصلاحی تعلق قائم کیا اور ان کی خدمت میں حاضر ہوئے تو بوقت رخصت ان سے نصیحت کی درخواست کی، حضرت حکیم الامت نے مختصر اور جامع نصیحت فرمائی کہ میں نے اپنے اکابر و مشائخ سےیہ بات سنی ہے کہ انسان کو اپنے آپ کو مٹانا اور جھکانا چاہیے، اسی میں اس کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ عطاءﷲ اسکندری کی کتاب ’’التنویر‘‘ کی عبارتیں بھی پڑھ کر سنائیں اور ان کی تشریح کی،اسی ضمن میں انہوں نے یہ بھی فرمایاکہ حضرت حاجی امدادﷲمہاجرمکیؒ اصطلاحی عالم نہیں تھے، لیکن حضرت مولانا محمدقاسم نانوتوی، حضرت مولانا رشید احمد گنگوہیؒ، حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ جیسے اکابر علماء نے ان سے استفادہ کیااور اس علم باطنی کی دولت حاصل کی جو حضرت حاجی صاحبؒ کےسینےمیں تھی۔
حضرت والا سے پہلے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ معہد ملت حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے کہا کہ معہد ملت کا امتیاز رہا ہے کہ یہاں تعلیم کے ساتھ تربیت پرتوجہ دی جاتی رہی ہے اور اہل اﷲاور مشائخ کی مبارک آمد کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہا ہے، اسی کی ایک سنہری کڑی حضرت مولانا قمرالزماں صاحب الہ آبادی کی تشریف آوری بھی ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ دل کی صفائی اورپاکیزگی اہل اللہ کی نگاہ کی مرہون منت ہے۔ دل کے بنانے اورتیار کرنے کے لیے محنت ، مجاہدے ، ذکر کی کثرت اور اہل اللہ کی صحبت کی ضرو رت پڑتی ہے، علم نبوت اور نور نبوت دونوں کوحاصل کرنے کے لیےعلماء اور طالبان علوم نبوت کوکوشش کرنی چاہیے ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی اورارکان و اساتذہ معہد کی جانب سے مہمان موصوف کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ مجلس کے اخیر میں معہد ملت کے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب نے مختصر ناصحابہ کلمات ارشاد فرمائے اورحاضرین و سامعین کو حضرت مولانا قمرالزماں صاحب کے فیضان صحبت سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ حضرت مولانا قمرالزماں صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔


اس پروگرام میں معہد ملت کے طلبہ و اساتذہ کے علاوہ بڑی تعداد میں عام افراد اور شہر و بیرون شہر کے علماء کرام اورحضرت کے خلفاء اور مریدین و متوسلین نیز معہد ملت کی شاخوں سےملی فضلاء شریک ہوئے،جن میں مولانا حسن ملی ندوی صاحب (مجرے باڑی) ، مولانا سعید ملی قاسمی صاحب (پربھنی) مولانا زکی ملی ندوی (پونہ) مولانا عابد ملی (شولاپور) مولانا مختار ملی ندوی (پاچورہ) حافظ مختار ملی (بھساول)، مولانا حافظ عابد ملی(شیوگاؤں)، مولانا منصور ملی (پیٹھن)، مولانا افتخار سالک قاسمی صاحب وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ حافظ زبیر جاوید (متعلم دورہ حدیث) کی تلاوت اورمحمد عمیر(متعلم شعبہ حفظ) کی نعت سے مجلس کا آغاز ہوا جب کہ حافظ ابرارالحق (متعلم شعبۂ افتاء) نےمہمان مکرم کی مدح میں منقبت پیش کی۔دوسری مجلس آج بروز اتواربعد نما ز مغرب اورتکمیل حفظ قرآن کی تقریب مسجد نعمانی میں بعد نماز عشاء منعقد ہوگی۔ نظامت کے فرائض مولانا زبیر احمد ندیمی ملی (استاذ معہد ملت)  نے انجام دیئے۔

جاری کردہ: ش۔ ن۔ ا۔ معہد ملت

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages