مسلمان دل کی صفائی اور اخلاق کی درستگی کی فکر کریں!
معہد ملت میں اصلاحی مجالس کا سلسلہ جاری
معہد ملت میں دو روزہ مجالس اصلاح وتربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کی چوتھی مجلس مورخہ ۱۶؍جنوری بروز پیر صبح گیارہ بجے حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب کی سرپرستی میں مسجد نعمانی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت معہد ملت کے استاذ عربی ادب حضرت مولانا اشتیاق احمد ملی ندوی صاحب نے فرمائی، اس مجلس کا آغاز مولوی ابواسامہ عتیق ملی (متعلم شعبہ افتاء) کی تلاوت اور محمد ارشاد (متعلم دورہ ٔ حدیث) کی نعت سے ہوا، آغاز میں حضرت مولانا محبوب صاحب ندوی کا خطاب ہوا، جس میں انہوں نے احادیث کی روشنی میں علم دین کی اہمیت اور علماء کرام کی شان بیان کی اور ساتھ ہی ساتھ طلبہ اور علماء کرام سے کہا کہ وہ علم کے ساتھ حلم یعنی بردباری بھی سیکھیں اور اچھے اخلاق اختیار کریں ۔ انہوں طلبہ کو اہتمام و اخلاص اور محنت کے ساتھ علم دین حاصل کرنے کی تاکید کی ۔ اخیر میں موصوف نے معہد ملت میں حاضری اور یہاں کے اساتذہ و طلباء سے ملاقات پر اپنی دلی مسرت کا اظہار کیا ۔ اخیر میں شیخ المشائخ حضرت مولانا حضرت قمرالزماں صاحب الہ آبادی کا ناصحانہ اور بصیرت افروز خطاب ہوا ، حضرت والا نے فرمایا کہ انبیاء کرام علیہم السلام کی بعثت کا ایک مقصد دلوں کی صفائی تھا، یہی وجہ ہے کہ ہمارے مشائخ اور بزرگوں نے دلوں کی صفائی پر بہت توجہ دی ، اس لئے کہ دل اللہ کا برتن ہے، جس طرح انسان اپنے برتن کو صاف رکھتا ہے ، اس کو چاہیے کہ اپنے دل کو بھی کینہ، حسد ، تکبر اور عجب کی گندگی سے صاف کرے۔ انہوں نے عام مسلمانوں کو بزرگوں کی صحبت اختیار کرنےکی تلقین کی اور بتایا کہ خانقاہوں میں دلوں کی صفائی اور اخلاق کی اصلاح و درستگی کی کوشش کی جاتی ہے ۔ مولانا محترم نے اپنے خطاب میں عام مسلمانوں سے کہا کہ وہ علماء کرام کی تعظیم کریں اور مدارس کی قدر کریں، اس لئے کہ مدارس دین کی حفاظت کے قلعے ہیں اور علمائے کرام دین کے خدمت گار ہیں۔ انہوں نے مجلس میں موجود طلبہ کو بھی قیمتی نصیحتیں فرمائیں اور کہا کہ طلبہ اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھیں کہ اللہ نے ان کو علم دین کے حصول کے لئے منتخب فرمایا ، لہذا وہ وہ یہ نیت کریں کہ زندگی بھر علم دین کی نشرواشاعت اور دین کی خدمت میں مشغول رہیں گے۔
حضرت والا نے مجلس کے اخیر میں خواہش مند مردوں اور خواتین کو بیعت بھی فرمایا اور انہیں اوراد وظائف کی تعلیم دیتے ہوئے سنت وشریعت کے مطابق زندگی بسر کرنے کی تاکید کی، آپ ہی کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اس مجلس میں مردوں اور خواتین اسی طرح مقامی وبیرونی علمائے کرام نیز حضرت والا کے مریدین ومتوسلین اور معہد ملت کے اساتذہ وطلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض شعبہ حفظ کے استاذ مولانا قاری آصف شعبان صاحب نے انجام دیئے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں