نـکاح کـے اصـول و ضـوابط
اعتدال کی حالت میں نکاح کرنا سنت ہے؛ کیوں کہ حدیث میں ہے: النکاح من سنتی فقہا کرام نے حالات کے اعتبار سے نکاح کرنے اورنہ کرنے کے احکام بیان کیے ہیں، جو درج ذیل ہیں:
فرض
اگر شہوت بہت زیادہ ہو حتی کہ نکاح نہ کرنے کی صورت میں گناہ کرلینے کایقین ہو، مہر اور نان و نفقہ ادا کرسکتا ہو، نیز بیوی پر ظلم و ستم کرنے کا خوف نہ ہو، تو ایسی صورت میں نکاح کرلینا فرض ہے۔
واجب
نکاح کرنے کا تقاضہ ہو، نکاح نہ کرنے کی صورت میں گناہ میں پڑنے کا اندیشہ ہو، مہر اور نان و نفقہ ادا کرسکتا ہو نیز بیوی پر ظلم و ستم کرنے کاخوف نہ ہو، تو ایسی صورت میں نکاح کرلینا واجب ہے۔
سنت موٴکدہ
عام حالات میں یعنی مالی اور جسمانی حالت اچھی ہو، بیوی کے حقوق کو ادا کرسکتا ہو، بیوی پر ظلم و ستم کرنے کا خوف نہ ہو تو نکاح کرنا سنتِ موٴکدہ ہے۔
مکروہ تحریمی
اگر نکاح کرنے کے بعد بیوی کے مالی یاصنفی حقوق ادا نہ کرنے کا اندیشہ ہو تو نکاح کرنا مکروہ تحریمی ہے۔
حرام
اگر نکاح کرنے کے بعد بیوی کے مالی یا صنفی حقوق ادا نہ کرنے کا؛ یا عورت پر ظلم کرنے کا یقین ہو؛ یا نکاح کرنے کا مقصد بیوی پر ظلم کرنا ہو تو پھر نکاح کرنا حرام ہے۔
(البحرالرائق ۳/۸۴، الدرالمختارعلی ردالمحتار:۳/۶، فتاوی محمودیہ۱۰/۴۷۲پاکستان)
نکاح کرنے کے یہ درجات جس طرح مردوں کے لیے ہیں، اسی طرح عورتوں کے لیے بھی ہیں۔ نکاح میں لڑکے کے اوپر مہر، ولیمہ مسنونہ اور مستقل طوپر بیوی کے نان و نفقہ کے اخراجات کے علاوہ کوئی مالی ذمہ داری نہیں ہے؛ اس لیے صرف اس وجہ سے کہ ابھی زیادہ روپیہ پیسہ نہیں ہے، یا ولیمہ میں بھاری بھرکم خرچہ کرنے کی استطاعت نہیں ہے، نکاح نہ کرنا یا نکاح کو موٴخر کرنا درست نہیں ہے؛ بلکہ اگر نکاح کرنے کی ضرورت ہو تو ایسی صورت میں سخت گناہ ہوگا اور اپنے ذہن اور جسم و روح کے ساتھ ناانصافی بھی ہوگی۔
جہیز کا مطالبہ کرنا
لڑکے کایااس کے گھر والوں کی طرف سے کسی کالڑکی سے یا اس کے گھر والوں میں سے کسی سے کسی بھی سامان کا یا کھانے کی دعوت کا صراحت کے ساتھ یا اشارہ و کنایہ میں یا رسم و رواج کی بنیاد پر مطالبہ کرنا جائز نہیں، سخت گناہ کی بات ہے اور مرد کی غیرت کے خلاف ہے۔کپڑے، زیورات، اور گھریلو ساز و سامان کا انتظام کرنا سب مرد کے ذمہ ہے۔ اگر لڑکی والے مطالبہ کے بغیر مگر رسم و رواج یا سماج کے دباؤ میں آکر کچھ دے تو بھی لینا نہیں چاہیے۔ نبی کریم …نے ارشاد فرمایا: ”لَا یَحِلُّ مَالُ رَجُلٍ مُسْلِمٍ لِأَخِیہِ، إِلَّا مَا أَعْطَاہُ بِطِیبِ نَفْسِہِ“
(سنن الکبریٰ للبیہقی:۱۶۷۵۶)
یعنی کسی دوسرے کا مال اس کی دلی رضامندی کے بغیر کسی کے لیے حلال نہیں۔ سماجی دباؤمیں آکر دینے کا مطلب یہ ہے کہ دینے والایوں سمجھے کہ ہمارے یہاں اس موقع پرفلاں چیز دینے کی رسم ہے دیناہی پڑے گا،اگر نہیں دیں گے تو لوگ کیاکہیں گے؟ اگر لڑکی ازخود کوئی سامان اپنے میکے سے لاتی ہے تو اس پر صرف اسی لڑکی کاحق ہے۔ مرد کو اس میں اپناحق جتانا یا بیوی کی اجازت کے بغیر اس کااستعمال کرنا صحیح نہیں ہے۔
حق مہر
نکاح کی وجہ سے بیوی کامہر واجب ہوتاہے۔ مہر کی مقدار کم از کم دس درہم یعنی تیس گرام چھ سو اٹھارہ ملی گرام چاندی یااس کی مالیت کا ہونا ضروری ہے۔ اس سے کم مالیت میں اگر نکاح کیا جائے مثلا پانچ سو روپئے میں یا صرف ۷۸۶ روپئے میں تو نکاح تو منعقد ہوجائے گا؛ مگر دس درہم کی مقدار کا ادا کرنا واجب ہوگا؛ تاہم متوسط طبقے کے لوگوں کے لیے مہر فاطمی یعنی ایک کلو پانچ سو تیس گرام نو سو ملی گرام چاندی متعین کرنا مستحب ہے۔ دین مہر کا بعد نکاح فوراً ادا کردینا بہتر ہے۔اس کو موٴخر کرنا مناسب نہیں، علماء کرام کا مشورہ ہے کہ اس زمانہ میں سونے یا چاندی میں مہر متعین کرنا لڑکی کے حق میں مناسب ہے؛ اس لیے کہ افراط زر کے اس زمانہ میں سالوں گزرنے کے باوجود اس کی مالی حیثیت میں کمی واقع نہیں ہوتی ہے۔دوسرے یہ کہ یہ سنت سے زیادہ قریب ہے؛ کیوں کہ دورِنبوی میں عموماًسونے وچاندی سے مہر طے ہوتاتھا۔
ارکانِ نکاح
نکاح حرام کو حلال کرتا ہے؛ اس لیے اس کے ارکان اور شرائط کو بوقت نکاح ملحوظ رکھنا نہایت ہی ضروری ہے، ورنہ بعض دفعہ نکاح منعقد ہی نہیں ہوتا ہے اور طویل عرصہ تک لڑکا لڑکی دونوں حرام کاری کرتے رہتے ہیں۔ نکاح کے ارکان ایجاب و قبول ہیں۔ پیغام دینے اور پیش کش کرنے کو ایجاب کہتے ہیں، خواہ لڑکے کی طرف سے ہو یا لڑکی کی طرف سے اور دوسرے کی طرف سے منظور کرلینے کو قبول کہا جاتا ہے۔
ایجاب وقبول کی شرائط
پہلی شرط: ایجاب و قبول کی شرطوں میں سے ایک یہ ہے کہ ایجاب و قبول کی مجلس ایک ہو، مثلاً ایجاب جس مجلس میں ہوا اسی مجلس میں قبول ہوجائے ورنہ نکاح منعقد نہیں ہوگا، مثلاً اگر ایجاب و قبول کی جگہ بدل جائے یا کوئی ایک مجلس سے اٹھ جائے پھر قبول کرے تو نکاح منعقد نہیں ہوگا۔
(بدائع الصنائع:۲/۲۳۲،ہندیہ:۱/۲۶۹)
دوسری شرط: دوسری شرط یہ ہے کہ:
(الف)ایجاب وقبول کاتلفظ کیاگیاہو، یعنی اگر ایجاب وقبول کرنے والابولنے پر قادر ہے اور دونوں مجلس میں موجود ہیں تو ایجاب وقبول کی منظوری زبان سے دیناضروری ہے۔مثلاًایجاب یوں کرے ”میں نے آپ سے اتنے مہر کے عوض نکاح کیا“ اورقبول یوں کرے ”ہاں میں نے قبول کیا“ اگر ایجاب وقبول کے الفاظ لکھ دیے جائیں، یاصرف سر کوہلادیاجائے یانکاح نامہ میں صرف دستخط کردیے جائیں تو ان صورتوں میں نکاح منعقد نہیں ہوگا۔
(ب) اگرنکاح کرنے والوں میں سے کوئی ایک مجلس میں موجود نہ ہو؛مگر اس کی طرف سے اس کاولی جس کو اس نے نکاح کرانے کی اجازت دے رکھی ہویاوکیل جس کو اس نے نکاح کرانے کاوکیل بنایاہو،موجود ہوتو وہ خوداس کی طرف سے ایجاب یاقبول کرے۔ مثلایوں ایجاب کرے ”میں نے فلاں یافلانہ کانکاح آپ سے اتنے مہر کے عوض کیا“ اورقبول اس طرح کرے ”ہاں میں نے فلاں یافلانہ کی طرف سے قبول کیا“ یاقاضی ولی اوروکیل کاترجمان بن کراس کی موجودگی میں ایجاب کرے تو اس سے بھی نکاح منعقد ہوجائے گا۔
(ج) اگرکوئی ولی یاوکیل بھی موجود نہ ہوتواگر کسی ایک نے ایجاب کو لکھ کربھیجااوردوسرے نے جس مجلس میں اس کوایجاب کی تحریر پہونچی اسی مجلس میں گواہوں کی موجودگی میں ایجاب کو پڑھ کریاکسی سے پڑھواکرزبان سے قبول کیاتو نکاح منعقد ہوجائے گا
۔(ہندیہ:۱/۲۶۹-۲۷۰)
تیسری شرط:
تیسری شرط یہ ہے کہ ایجاب وقبول کے صیغے ماضی یاحال کے ہوں، مثلاًمیں نے آپ سے نکاح کیایانکاح کرتاہوں کہے،اسی طرح میں نے قبول کیایامیں قبول کرتاہوں،یامجھے قبول ہے وغیرہ الفاظ کہے، پس اگرمستقبل کے صیغے استعمال کیے جائیں، مثلاًیوں کہاکہ نکاح کروں گا، قبول کروں گایاٹھیک ہے کرلوں گاوغیرہ تو نکاح منعقدنہیں ہوگا۔
(الفقہ الاسلامی وادلتہ:۹/۳۵)
چوتھی شرط:
چوتھی شرط یہ ہے کہ ایجاب وقبول کم از کم دوایسے مسلمان عاقل وبالغ مرد یاایک مرد اور دو عورتو ں کی موجودگی میں ہو،جو فریقین کے ایجاب وقبول کے الفاظ کو سن سکیں؛لہٰذا اگردوگواہ نہیں ہیں یاگواہ تو ہیں؛ مگر مسلمان نہیں ہیں، یاصرف عورتیں ہیں،یاگواہ بالغ نہیں ہیں،یاعاقل نہیں ہیں تو نکاح منعقدنہیں ہوگا۔
نکاح کرنے کے طریقے
نکاح کرنے کے چار طریقے ہیں جو حسبِ ذیل ہیں:
اَصالتہً: یعنی نکاح کرنے والا خود ایجاب یاقبول کرے۔مثلاًلڑکایالڑکی دونوں میں سے کوئی ایک دوگواہوں کی موجودگی میں دوسرے سے کہے کہ میں نے آپ سے اتنے مہر کے عوض نکاح کیا اور وہ کہے ہاں میں نے قبول کیا۔
وِلایةً: یعنی نکاح کرنے والے کاولی، مثلاًاس کاباپ یادادا،بھائی، چچاوغیرہ(بالترتیب) اس کی طرف سے ایجاب یاقبول کرے،ایسا صرف اس صورت میں ہوتاہے؛ جب کہ لڑکایالڑکی نابالغ ہو۔ اگر نکاح باپ داداکے علاوہ کسی دوسرے ولی، مثلاًبھائی، چچاوغیرہ نے کرایاہے،تب توان کوبالغ ہونے کے بعد اختیارہوگاکہ اس نکاح کو باقی رکھیں یاختم کردیں،اوراگرباپ دادا نے کرایاہے تو یہ اختیارنہیں رہے گا۔ ہاں اگر باپ دادا اپنے فسق وفجور میں مشہور ہوں تو پھر نکاح ختم کرنے کا اختیار ہوگا۔ فقہ کی اصطلاح میں اس کو ”خیار بلوغ“ کہاجاتاہے؛مگر اس کے لیے قضاء قاضی شرط ہے، یعنی شرعی دارالقضاء میں جاکر قاضی شریعت کی خدمت میں فسخ نکاح کادرخواست دیناضروری ہے، قاضی محترم تحقیق کرنے کے بعد فسخ کرسکتے ہیں۔
اجازةً: اگر لڑکایالڑکی بالغ ہوتو اس کی طرف سے اجازت یاوکالت کاہوناضروری ہے۔ ہمارے معاشرہ میں عمومالڑکااورلڑکی کے والدین،اولیاء وسرپرستان نکاح کراتے ہیں،یہ ایک بہتر اورمستحسن عمل ہے؛ کیوں کہ دونوں کے اولیاء اپنی اولاد کی دینی اوردنیاوی بھلائی دیکھ کر ہی نکاح کرائیں گے۔ اسی وجہ سے شریعت میں ولی کی اجازت کے بغیرکیے گئے نکاح کوناپسندیدہ سمجھا گیا ہے۔ نبی کریم … نے اولیاء کو حکم فرمایاہے کہ وہ اپنی بالغ اولاد کانکاح ان کی رضامندی کے بغیر نہ کریں۔ ”لاَ تُنْکَحُ الأَیِّمُ حَتَّی تُسْتَأْمَرَ، وَلاَ تُنْکَحُ البِکْرُ حَتَّی تُسْتَأْذَنَ“
(بخاری:۵۱۳۶)
کیوں کہ ازدواجی زندگی دونوں میاں بیوی کو گزارنی ہے؛اس لیے ان سے اجازت لی جائے۔
اجازت کامطلب یہ ہے کہ بالغ لڑکایالڑکی اپنے ولی مثلاباپ، دادا،یا بھائی کواس بات کی اجازت دے دے کہ آپ میرانکاح فلاں سے کرادیں، یاجس سے چاہیں کرادیں،یاولی اپنے بیٹے یابیٹی سے اس بات کی اجازت لے لیں کہ وہ اس کانکاح فلاں یافلانہ سے کرانے جارہاہے، واضح رہے کہ اگر باپ دادانے کنواری لڑکی سے اجازت طلب کی اوروہ خاموش رہی تو اس کاخاموش رہنا بھی اجازت کے حکم میں ہوگا۔بہرحال ایسی صورت میں ولی کو بھی اپنے بالغ بیٹے یابیٹی کانکاح کرانے کا یعنی ایجاب یاقبول کرنے کاحق ہوگا۔اجازت دیتے یا لیتے وقت بہتر ہے کہ دو گواہ بھی موجود ہوں۔
وکالةً: یعنی نکاح کرنے والا لڑکایانکاح کرنے والی لڑکی کسی کوایجاب وقبول کرنے کازبانی یاتحریری طورپروکیل بنادے، مثلاًیوں کہے یالکھ دے کہ میں نے فلاں بن فلاں کوفلانہ بنت فلانہ سے یافلاں بن فلاں سے اپنانکاح کرانے کاوکیل بنادیااوروکیل اس کی طرف سے ایجاب یاقبول کرے۔ مثلاًیوں ایجاب کرے کہ میں نے اپنے موٴکل یاموٴکلہ کو آپ کی زوجیت میں دیایامیں نے اپنے موٴکل یاموٴکلہ کانکاح آپ سے کیا۔قبول اس طرح کرے کہ میں نے اپنے موٴکل یاموٴکلہ کی طرف سے قبول کیا۔
واضح رہے کہ وکیل یابالغ اولاد کاولی خود اپنی طرف سے کسی کو نکاح کرانے کی اجازت نہیں دے سکتاہے اور نہ کسی کو وکیل بناسکتاہے؛اگرکسی نے ایساکرلیایعنی ولی نے کسی کونکاح کرانے کی اجازت دے دی یاکسی کو وکیل بنادیایاوکیل نے خود کسی دوسرے کووکیل بنادیایا نکاح کرانے کی اجازت دے دی اوراس نے نکاح کردیاتو ایسی صورت میں نکاح منعقدنہیں ہوگا۔
ہاں دوصورتیں ایسی ہیں کہ نکاح منعقد ہوجائے گا:
(۱)اسی مجلس میں ولی یاوکیل
(اول)بھی موجود ہو
،(۲)بعدنکاح جب لڑکی کو اس کی اطلاع ہوئی کہ فلاں نے میرانکاح فلاں سے کردیا ہے تو وہ انکار نہ کرے تو اس کی خاموشی بھی دلالتہً ایجاب کے حکم میں ہوگی اور نکاح منعقد ہوجائے گا۔ (الدرالمختارعلی ردالمحتار:۳/۸۵،ہندیہ:۱/۲۹۸)
جدیدٹکنالوجی کے ذریعہ نکاح
ٹیلیفون، موبائل، وہاٹس ایپ، فیس بک میں،چیٹنگ کے ذریعہ ہویاآیڈیوکانفرنس ہویا ویڈیوکانفرس ہو نکاح کسی بھی صورت میں منعقد نہیں ہوگا؛کیوں کہ دونوں کی مجلس ایک نہیں ہے؛البتہ اگر ان ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے کسی کو وکیل بنادیاجائے اوروہ وکیل اپنے موٴکل کی طرف سے گواہوں کی موجودگی میں ایجاب یاقبول کرے تو پھر نکاح منعقد ہوجائے گا۔
کورٹ میریج
کورٹ میں نکاح کرنے کی صورت میں اگر ایجاب وقبول کی ساری شرطیں موجود ہوں تو نکاح منعقد ہوگا، ورنہ نکاح نہیں ہوگا۔ مثلاً اگرمتعلقہ افسر کے سامنے صرف کاغذپر دستخط کردیا،زبان سے ایجاب وقبول نہیں کیا۔یادونوں گواہ مسلمان نہیں تھے یاصرف عورتیں گواہ تھیں،تو نکاح منعقد نہیں ہوگا۔
خطبہٴ مسنونہ
ایجاب وقبول سے پہلے خطبہ دینامسنون ہے۔جس میں سورہ نساء کی پہلی آیت، سورہ آل عمران کی آیت نمبر ۱۰۲،سورہ احزاب کی آیت نمبر ۷۰، ۷۱،اورسورہ حجرات کی آیت نمبر ۳۱۔اسی طرح نکاح سے متعلق احادیث مثلاً”النکاح من سنتی“ وغیرہ کاپڑھنابہتر ہے۔
مجلسِ نکاح میں تقریر کرنا
مجلس نکاح میں اردو یامادری زبان میں تقریرکرناجس میں نکاح کی فضیلت، مسائل واحکام، اور میاں بیوی کے فرائض وحقوق کوبیان کرنااورانھیں شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کرنامناسب ہے۔نیز طلاق وخلع کے نقصانات کو واضح کرنااوراس کے مسنون طریقہ کو بھی بیان کردینا مناسب ہے۔
میاں بیوی کو مبارکباد دینا
نکاح کے بعد میاں بیوی کو دعا اورمبارک باددیناسنت ہے، مبارکبادی کے الفاظ حدیث میں اس طرح منقول ہیں: بَارَکَ اللہُ لَکُمَا وَجَمَعَکُمَا فِی خَیْرٍ۔ترجمہ:اللہ تعالیٰ اس نکاح میں برکت دے اورتم دونوں میاں بیوی کو خیر میں جمع کردے۔
(بخاری:۶۳۸۶)
نکاح کااعلان کرنا
حدیث میں ہے: أَعْلِنُوا ھٰذَا النِّکَاحَ، وَاجْعَلُوہُ فِی الْمَسَاجِدِ، وَاضْرِبُوا عَلَیْہِ بِالدُّفُوف۔ (ترمذی:۱۰۸۹)،
یعنی کھلے عام نکاح کرو،اس کو مسجد میں قائم کرواوردف بجاؤ؛تاکہ لوگوں کو معلوم ہوجائے کہ فلاں اورفلانہ کے درمیان نکاح ہواہے۔
نکاح کاوقت
نکاح کاکوئی وقت مقررنہیں ہے؛البتہ شوال کے مہینے میں اورجمعہ کے دن نکاح کرنامستحب ہے؛ کیوں کہ نبی کریم … کاحضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے ماہ شوال میں اورجمعہ کے دن نکاح کرنا منقول ہے۔
(الدرالمختارعلی ردالمحتار:۳/۸)
ولیمہ کرنا
نکاح کے فوراًبعد چھوارے یاکوئی میٹھی چیز تقسیم کرنامستحب ہے،اسی طرح نکاح کی خوشی میں ولیمہ کرنابھی لڑکے کے لیے مستحب ہے۔اسے چاہیے کہ اپنے اعزہ واقربہ کو اپنی وسعت کے مطابق کھاناکھلائے؛ بشرطے کہ کوئی نام ونمود نہ ہواورفضول خرچی نہ ہو۔کھاناکھلانے کے تعلق سے لڑکی یا اس کے گھر والوں پر کوئی چیز واجب یامستحب نہیں ہے۔ولیمہ کرنے کے نام پر لڑکے والے کالڑکی والے سے کچھ مانگنادرست نہیں۔اگر وسعت نہ ہوتوولیمہ ہی نہ کرے؛ مگردوسروں کے سامنے ہاتھ نہ پھیلائے۔
نکاح نامہ کی حیثیت
نکاح نامہ کی حیثیت ایک دستاویز کی ہے،بعض دفعہ اس کی ضرورت پڑ تی ہے؛ اس لیے نکاح نامہ تیار کرالینابھی بہترہے؛تاہم اس کے بغیربھی نکاح منعقد ہوجائے گا۔
نکاح کارجسٹریشن کرانا
متعلقہ سرکاری دفترمیں جاکرنکاح کارجسٹریشن کرالیناچاہیے؛تاکہ سرکاری طورپر بھی نکاح کا ریکارڈ رہے؛ البتہ رجسٹریشن کیے بغیر بھی نکاح شریعت کی نظرمیں صحیح ہوجاتاہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں