مسجد رحمہ ممبرا میں جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی مشاورتی نشست کا انعقاد
الحمد للہ مورخہ 12نومبر2022 بروز سنیچر جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کی نو تشکیل شدہ پانچ نفری اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کنوینر جناب حافظ محمد لقمان صاحب کی دعوت پر پہلی مشاورتی نشست مسجد رحمہ ممبرامیں منعقد ہوئی جس میں اصلاح معاشرہ کمیٹی جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کے ذمہ دران مولانا عبد الوہاب صاحب قاسمی(صدر جمعیۃ علماء شہر ممبرا)مولانا حیات اللہ نعیم قاسمی صاحب(صدر جمعیۃ علماء نوی ممبئی) مولانا ادریس مظاہری صاحب (صدر جمعیۃ علماء کلیان) کے علاوہ کمیٹی کے سرپرست کی حیثیت سے بطور خاص جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کے صدر محترم حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی اور جنرل سکریٹری حافظ محمد عارف انصاری صاحبان نے نشست کو رونق بخشی۔
نشست کا آغاز کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کے صدر نے فرمایا کہ گزشتہ دنوں جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس عاملہ منعقدہ دہلی میں یہ قرار داد پاس ہوئی کہ انشاء اللہ اب کل ہند سطح پر اصلاح معاشرہ کے عمل کو تحریکی شکل میں انجام دیا جائے گا جو جمعیۃ کے بنیادی اغراض و مقاصد میں سے ایک ہے چنانچہ جمعیۃ کے قومی صدرحضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے اس کے لیئے الگ سے اصلاح معاشرہ کا دفتر قائم کرنے کو منظور فرمایا ہے اور اس کے لیئے سالانہ مالی بجٹ منظور فرمایا ہے بلکہ مولانا سید اظہر مدنی صاحب کو کل ہند اصلاح معاشرہ کمیٹی کا ناظم (کنوینر) مقرر فرمایا ہے چنانچہ مولانا سید اظہر مدنی صاحب کی ایماء پر حال ہی میں صوبائی،ضلعی،شہری اور مقامی جمعیتوں نے اولین مرحلے میں اپنی اپنی پانچ نفری اصلاح معاشرہ کمیٹیاں تشکیل دی ہیں آج کی یہ نشست ضلع تھانہ اصلاح معاشرہ کمیٹی کی اولین مشاورتی نشست ہے۔
آپ نے فرمایا کہ ہمیں اصلاح معاشرہ کے لیئے مسجد وار کمیٹیاں بناکر مسلم معاشرہ میں پائی جانے والی خرابیوں کی اصلاح وازالہ کی بھر پور جدوجہد کرنی ہوگی آپ نے شرکاء نشست کو مکلف کیا کہ آپ لوگ یعنی مقامی جمعیۃ کے صدر و جنرل سیکریٹریز حضرات اپنی اپنی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے سرپرست کی حیثیت سے میٹنگ بلا کر اپنے اپنے علاقہ کی مساجد کے ائمہ علماء اور فکر مند حضرات کے جوڑنے کی فکر کریں اصلاح معاشرہ کی ضرورت اور اہمیت کو ان کے سامنے واضح کریں نیز ان کے تعاون سے مسجد وار اصلاح معاشرہ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
دوسری بات یہ طے ہوئی کہ جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کی سہ ماہی میٹنگ جو بعض عوارض کی وجہ سے ایک طویل عرصہ سے نہیں ہوسکی ہے وہ 11دسمبر2022 بروز سنیچر بوقت11بجے صبح بمقام مسجد ومدرسہ تجوید القرآن کلیان میں منعقد ہوگی جس میں جمعیۃ علماء ضلع تھانہ کی مجلس منتظمہ کے علاوہ بطور خاص ہر یونٹ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کے ارکان کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
ماشاء اللہ حافظ محمد لقمان صاحب(امام و خطیب مسجد رحمہ ممبرا) کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی ضلع تھانہ نے پرتکلف ناشتہ اور ظہرانہ کا اہتمام فرماکر میزبانی کا حق ادا کردیا۔فجزاکم اللہ خیرالجزاء۔ آخر میں حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی صاحب کی دعا پر میٹنگ کا اختتام عمل میں آیا۔
.
منجانب حافظ محمد عارف انصاری
جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع تھانہ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں