مہاراشٹر اے ٹی ایس کی بڑی کاروائی، پنویل میں ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی کے چار اراکین گرفتار
مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ایک بار پھر بڑی کاروائی کی ہے۔ یہاں رائے گڑھ ضلع کے پنویل میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) سے تعلق رکھنے والے چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ لوگ تنظیم پر پابندی کے باوجود ملاقات کر رہے تھے۔ اس معاملے میں اے ٹی ایس کا کہنا ہے کہ ملزمین سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ان کی ملاقات کا مقصد معلوم کیا جا رہا ہے۔ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
جمعرات کو، مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ سے وابستہ ایک اہلکار نے بتایا کہ ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے چار کارکنوں کو رائے گڑھ ضلع کے پنویل سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں پی ایف آئی کی اسٹیٹ ایکسٹینشن کمیٹی کا ایک مقامی رکن بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایک مقامی یونٹ سیکرٹری اور دو دیگر کارکنان ملوث ہیں۔
اے ٹی ایس کو پی ایف آئی کے دو عہدیداران اور کچھ کارکنوں کی پنویل میں ملاقات کی اطلاع ملی تھی۔ اس تنظیم پر حال ہی میں مرکزی وزارت داخلہ نے پابندی لگا ئی ہے۔ اے ٹی ایس کی ایک ٹیم ممبئی سے تقریباً 50 کلومیٹر دور واقع پنویل پہنچی اور تلاشی لی، جس کے بعد پی ایف آئی کے چار کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پوچھ تاچھ کے بعد چاروں کے خلاف ممبئی میں اے ٹی ایس کی کالاچوکی برانچ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزم کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعہ 10 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ اے ٹی ایس نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
حکومت نے گزشتہ ماہ دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کے ساتھ 'رابطے' رکھنے کے الزام میں پی ایف آئی اور اس سے وابستہ کئی اداروں پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔ تحقیقاتی ایجنسیوں نے بیک وقت ملک بھر میں چھاپے مارے اور پی ایف آئی سے مبینہ طور پر جڑے 250 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں