ممبئی کے 3 مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی,
ممبئی: ممبئی میں تین مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ پولیس کنٹرول روم میں ایک دھمکی آمیز فون کال آیا، جس میں اندھیری کے انفینٹی مال، جوہو کے پی وی آر اور سانتا کروز میں واقع سہارا کے فائیو اسٹار ہوٹل کو اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اس دھمکی آمیز کال کے آتے ہی محکمۂ پولیس بھی الرٹ ہوگیا اور ان تینوں مقامات اور آس پاس کے علاقے میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔
تاہم اب تک پولیس کو کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی ہے۔ پولیس کے مطابق انہیں رات ساڑھے دس بجے ہیلپ لائن نمبر 112 پر نامعلوم شخص کی کال موصول ہوئی جس میں انہیں تین مقامات پر بم دھماکے کی وارننگ دی گئی۔ پولیس فی الحال فون کرنے والے کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ کیس کی صحیح تصدیق ہو سکے۔
بتادیں کہ حالیہ دنوں میں ممبئی پولیس کو کئی ایسی دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی ہیں، جو تحقیقات میں بالکل جھوٹی نکلیں۔ یہاں تقریباً ایک ماہ قبل سانتا کروز میں رہنے والے ایک شخص کو بھی ایسی ہی دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئی تھیں، جس میں بم دھماکوں کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس شخص نے سانتا کروز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراتے ہوئے کہا تھا کہ کال کرنے والے نے واٹس ایپ پر کال کی تھی اور کہا تھا کہ 'بم بلاسٹ کرنا ہے، ہندوستان میں تباہی مچانا ہے۔' پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی. تاہم یہ دھمکی بالکل جھوٹی نکلی تھی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں