مستقیم ڈگنیٹی نے کیا رضیہ آباد و پوارواڑی کے علاقوں کا دورہ، پانی کے مسئلے کے حل کے لیے اہم پیش رفت
واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ نے رضیہ آباد کے لیے پائپ لائن بچھانے کا وعدہ کیا۔ ساکنان پوار واڑی کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے نمائندگی کا تیقن
مالیگاؤں : جنتادل سیکولر جنرل سیکریٹری محمد مستقیم ڈگنیٹی نے رضیہ آباد اور محلہ پوارواڑی کے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں کے مسائل پر سرکردہ افراد و ساکنان سے گفتگو کی۔ ساکنان رضیہ آباد نے مستقیم ڈگنیٹی کو پانی باقاعدگی سے نہ آنے کی شکایت کی جس پر موصوف نے فوراً واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ کے انچارج تریبھون و دیگر آفیسران کو فون کرکے بلوایا۔ کارپوریشن و واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ کے سامنے تمام باتیں رکھیں گی۔ مسئلے کا فوری حل نکالتے ہوئے واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ نے رضیہ آباد کے لیے پانی کی ایک پائپ لائن بچھانے کا وعدہ کیا ہے جسکا کام جلد شروع کیا جائیگا۔ نئی لائن کو شریف ہوٹل تک آئی پانی کی مین پائپ لائن سے جوڑ کر رضیہ آباد تک لایا جائیگا۔ پانی کے اہم مسئلے کو حل کروانے کے لیے رضیہ آباد کے افراد بالخصوص خواتین نے مستقیم ڈگنیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ پانی کے مسئلے کے علاوہ رضیہ آباد میں سڑکوں اور گلیوں کی حالت بھی انتہائی خستہ ہے۔ اس تعلق سے بھی مستقیم ڈگنیٹی نے کارپوریشن کمشنر سے ملاقات کرکے بات کرنے کا تیقن دیا ہے۔
محلہ پوار واڑی میں ابوزر غفاری مسجد کے اطراف کے علاقوں میں رہائش پزیر افراد کو کئی مشکلات کا سامنہ کرنا پڑرہا ہے۔ ان علاقوں میں کئی سڑکیں خستہ حال ہیں، گٹریں صاف نہی کی جارہیں اور ڈرینیج سسٹم خراب ہونے کیوجہ سے بارش کے موسم میں پانی بھی بھر جاتا ہے۔ اپنے مسائل کے حل کے لیے وہاں کے ساکنان نے سلیم گڑبڑ کے توسط سے جنتادل سیکولر جنرل سیکریٹری محمد مستقیم ڈگنیٹی کو طلب کیا اور علاقے کے حالات انکے سامنے پیش کیے۔
لوگوں نے بتایا کہ یہاں سڑکوں کا برا حال ہے، جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے ہیں، اسکے باوجود کارپوریشن انتظامیہ کی طرف سے کوئی تعمیری کام نہیں کیا جارہا ہے۔ علاقے میں گٹروں کی صفائی بھی باقاعدگی سے نہیں ہوتی۔ اسکے علاوہ پانی کی نکاسی کا نظام بھی درست نہیں ہے جسکی وجہ سے بارش میں گٹروں کا گندہ پانی سڑکوں پر اور گھروں میں آنے لگتا ہے۔
تمام مسائل کو سمجھنے کے بعد مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ وہ بہت جلد کارپوریشن کمشنر و دیگر آفیسران کیساتھ علاقے کے افراد کی میٹنگ کروائیں گے تاکہ انتظامیہ سے سوالات پوچھے جا سکیں۔ اسکے علاوہ علاقے کے افراد درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے بھی کوشش کی جائیگی، ایسا تیقن مستقیم ڈگنیٹی نے دیا۔ اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی اور سلیم گڑبڑ کے علاوہ مسیح اللہ بیسٹ، ابوللیث انصاری، علاقے کے سرکردہ نوجوان و بزرگ اور خواتین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں