src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> امام الھدی حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات طیبہ کا ایک نصیحت آموز گوشہ - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

ہفتہ، 6 اگست، 2022

امام الھدی حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات طیبہ کا ایک نصیحت آموز گوشہ

 




امام الھدی حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات طیبہ کا ایک نصیحت آموز گوشہ



ازقلم : مولانا امتیاز اقبال صاحب

مدیر نوید شمس، جنرل سیکریٹری جمعیت دینی تعلیمی بورڈ ضلع ناسک-




راہ عزیمت کے بانی،اسلامی غیرت وحمیت کے شہسوار، صداقت و شھادت کے علمبردار، دینی جدوجھد اور بے مثال قربانیوں کا نشان امتیاز، فاطمہ الزھراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے لعل اور علی مرتضی کرم اللہ وجہہ کے لخت جگر، حضرت حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زندگی کا ہرگوشہ قابل تقلید اور راہی ھدایت کے لیے بے مثال لائحہ عمل ہے لیکن میدان جنگ میں عین  لڑائی کے وقت نماز عشق ادا کرکے اپنے بعد آنے والے قیامت تک کے انسانوں کے لیے ایسا نمونہ چھوڑگئے ہیں,کہ 

تاریخ کے صفحات آج  بھی اپنے آپ پر نازاں ہیں-

؛؛نہ مسجدمیں،نہ بیت اللہ کی دیواروں کے سائے میں؛؛ 

؛؛نماز عشق اداہوتی ہے تلواروں کے سائے میں ؛؛

"نماز"وہ عبادت ہے جو کسی بھی مسلمان سے (سوائے حائضہ عورت کے)کبھی بھی معاف نہیں،قیام  کے ساتھ ادا نہیں کرسکتے تو بیٹھ کر ادا کریں،اگر بیٹھ کر ادا کرنا مشکل ہو تو لیٹ کر پڑھ لیں،لیٹ کر پڑھنے سے بھی معذوری ہے تو اشارے سے بغیر قیام،رکوع وسجودکے پڑھیں،حضر تو حضر،سفر کی حالت میں بھی  معاف نہیں،ستر پوشی کے برابر کپڑے میسر ہوں تو پڑھے ،ناہوں تو برہنہ پڑھیں، دیہاتی ہویاشھری ہو، مالدار ہو یا فقیر ،شاہ ہو یا گدا،وزیر باتدبیر ہو یا سپاہی صاحب جاہ ،وضو نہ کرسکیں تو تیمم سے ادا کریں،حالت امن ہو یاجنگ ہرحال میں پڑھنا ہے-

امام انقلاب وحریت نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کربلا کے میدان ہیں،جہاں آسمان قیامت خیز آگ برسارہا ہے،ہونٹوں پر پیاس کی شدت اور تشنگی سے کانٹے چبھ رہے ہیں،کلیجے منہ کو آرہے ہیں،جاں نثاران اسلام ،توحید ورسالت کی گواہی ایک ایک کرکے جام شہادت نوش کرتے جارہے ہیں،چمنستان رسول صلی اللہ علیہ وسلم،کی رونقیں اڑی جارہی ہیں،عون ومحمد رخصت ہوچکے ہیں،عباس علمبردار جام شہادت نوش کرچکے ہیں،شہزادہ علویت،معصوم علی اصغر کے خون سے کربلا کی ریت رنگین ہوچکی ہے،نوجوان جنتیوں کے سردار خوبروووسدابہارحسین ابن حیدر کراررضی اللہ عنھما اھل بیت و عاشقان اھل بیت کی لاشوں اٹھا اٹھا خیمے تک لیجاتے ہیں اور تیروں کی پر آکر کھڑے ہوجاتے ہیں ۔۔۔۔۔!!اسی عالم رستخیز میں آپ کا قلب صافی محبت الٰہی سے پھڑپھڑانے لگتاہے،جوش ایمانی سے  پکارتا ہے کہ پروردگار عالم کے دربار عشق میں حاضری کا وقت ہوچکا ہے،پینے تک کے لیے پانی موجود نہیں،وضو کیسے کریں !!؟اللہ کے شیر کا شیر تیمم کرکے اپنے معبود کی بارگاہ میں سربسجود ہوکر اتنے پریشان کن حالات میں بھی اپنے فریضے سے غافل ہونے کی بات تو بہت دور کی ہے، ادائیگی میں تاخیر بھی گوارا نہیں کرتا-


؛؛ہوتی نہیں ہے یوں ہی ادا یہ نماز عشق؛؛

؛؛یاں شرط ہے کہ اپنے لہو سے وضو کریں؛؛

شہید کربلا رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حیات طیبہ کا یہ ایسا گوشۂ لازوال ہے جس کو امت مسلمہ کے بہت بڑے طبقے نے یکسر فراموش کررکھا ہے،دس محرم الحرام جہاں اور بھی بھولے ہوئے اسباق کی یاددہانی کرواتا ہے وہیں،امام بطل وحریت،صاحب دعوت وعزیمت،کی زندگی کا سب سے تابناک پہلو ہمارے قلب و جگر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتاہے،ہمارے خفتہ ایمانی جذبات کو بیدار کردیتا ہے-

ہم کیوں نہیں سمجھ پاتے ہیں کہ آخر کار امام عالی مقام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے اہل خانہ اور جاں نثاروں کے ساتھ اتنی بڑی قربانی کیونکر پیش کی ہے،!!؟کیا ملک و مال یا جاہ و منال

کے لیے آپ نے گردنیں کٹوائیں ہیں ؟!؟تو میں اس کا جواب نفی میں ہوگا،حضرت حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے دین اسلام اور شریعت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو انکی پوری حقیقت کے ساتھ زندہ اور جلوہ گر کرنے کے مشن پر گامزن تھے،اورآج جو یہ باغ و بہار آئی ہوئی ہے سب انہیں کی قربانیوں کا ثمرہ ہے -

آج تک ہم اس حقیقت سے صرف نظر کرتے ہوئے صرف نعرہ حیدری اور آوازہ حسینی پر اکتفاء کررہے ہیں،دل بہلا رہے ہیں کہ ہم بھی عاشقان اھل بیت علیھم الرضوان اور محبان علی میں سے ہیں،جب تک ہم حسینی مشن کی  تمام بنیادوں پر کھڑے نہیں ہوجاتے ہیں حقیقی معنوں میں کامیاب نہیں ہونگے،ان تمام اوصاف و خصائل میں "نماز"سب سے ممتاز  خوبی ہے،پنج وقتہ نمازوں کا اہتمام کرکے ہی ہم حضرت حسین ابن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اھل بیت علیھم الرضوان کی خدمات عالیہ سچا خراج عقیدت اور ہدیہ  تحسین پیش کرسکتے ہیں-

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages