’’رشتہ نکاح آسان کرومہم‘‘
کلبوں ، اداروں کے ذمہ داران اور نوجوانوں سے اپیل
شہر مالیگاؤں کے مقررین کی تنظیم گلشن خطابت کی جانب سے ان دنوں ’’رشتہ نکاح آسان کرو مہم‘‘جاری ہے،جس کے تحت گزشتہ جمعہ کو شہر اور بیرون شہر کی سینکڑوں مساجد میں نماز جمعہ سے قبل مشترکہ طور پر رشتہ نکاح کے موضوع پر خطاب کیا گیا ،اسی کے ساتھ ساتھ ایک پمفلٹ ’’رشتہ نکاح سے متعلق ہدایات‘‘کے عنوان سے شائع کیا گیا،جس میں رشتہ نکاح طے کرنے سے متعلق آسان انداز میں ہدایات درج ہیں ،اسی کے ساتھ رشتہ نکاح میں آسانی کے لیے وظیفہ اور نماز استخارہ کا طریقہ بھی لکھا ہوا ہے۔ یہ پمفلٹ گزشتہ جمعہ کو متعدد مساجد سے تقسیم کیا گیا، اسی طرح بعض کلبوں اور اداروں کے نوجوانوں نے اپنے طور پر بھی اس کو گھروں گھر تقسیم کیا، تاکہ رشتہ نکاح طے کرنے کے سلسلے میں جو بے بنیا د باتیں اور رکاوٹیں پائی جاتی ہیں وہ دور ہوسکیں اور عام مسلمان اسلامی ہدایات کی روشنی میں آسانی کے ساتھ اپنی اولاد کے لیے رشتہ نکاح کا انتخاب کرسکیں۔
چونکہ رشتہ نکاح کا موضوع ہر گھر سے تعلق رکھتا ہےاور آج اس سلسلے میں ہورہی کوتاہیوں کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں بن بیاہی لڑکیاں اور مطلقہ اور بیوہ خواتین اپنے گھروں میں اچھے اور مناسب رشتہ نکاح کے انتظار میں بیٹھی ہوئی ہیں ،لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے میں مزید بیداری لائی جائے ،نماز جمعہ سے قبل خطاب کے ذریعے مرد حضرات کو رشتہ نکاح سے متعلق اسلامی تعلیمات وہدایات سے واقف کرایا جاچکا ہے، اگر یہ پمفلٹ بڑی تعداد میں چھپوا کر کلبوں اور اداروں کے ذمہ داران اسی طرح ہمارے نوجوان دوست و احباب نماز جمعہ کے بعد مساجد سے تقسیم کردیں تو آسانی کے ساتھ یہ پمفلٹ ایک ایک گھر تک پہنچ جائے گا اور خواتین بھی رشتہ نکاح سے متعلق اسلامی تعلیمات سے واقف ہوسکیں گی ۔
شہر عزیز کے تمام کلبوں ، اداروں اورنوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے طور پر اس پمفلٹ کو چھپوا کرنماز جمعہ کے بعد محلے کی مساجد سے تقسیم کردیں، ان شاء اللہ یہ ایک اہم دینی واصلاحی خدمت شمار ہوگی اور اس پر ہم اللہ رب العزت کی جانب سے اجر وثواب کے حقدار ہوں گے!
گزارش کنندگان :مفتی محمد عامر یاسین ملی وجمیع ارکان گلشن خطابت گروپ مالیگاؤں
نوٹ:جو حضرات یہ پمفلٹ چھپوانا چاہتے ہیں یا چھپا ہوا حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اس کی سی ڈی آر فائل یا پی ڈی ایف فائل حاصل کرنے کے لیے دیے گئے وہاٹس ایپ نمبر پر مسیج کریں: 8446393682
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں