حیرت انگیز طور پر شیوسینا رابطہ صدر حاجی آصف نیشنل اپنے ساتھوں کے ہمراہ ماتو شری پہنچے!
مالیگاؤں اور دیہی حلقہ کے ہندو مسلم اصل شیوسینا یعنی ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ,ہزاروں مسلمانوں کو شیو سینا میں شامل کرنے کا عزم!!
مالیگاؤں (نامہ نگار) مہاراشٹر کی ادھو سرکار کو متزلزل کرنے کے لئے غیروں نے اگر پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے تو آستین میں پالے گئے سانپوں نے بھی ڈسنے کا کام کرتے ہوئے کچھ ایسی غداری کی کہ بالا صاحب ٹھاکرے کے ذریعے قائم کردہ شیو سینا پارٹی دو ٹکڑوں میں بٹ کر رہ گئی. اگر اراکین اسمبلی نے کسی لالچ یا وزارت کے حصول میں شیو سینا سے غداری کی ہے تو بعض رکن پارلیمان نے بھی وزارت حاصل کرنے کے لئے خطیر دولت حاصل کرکے بالا صاحب ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ساتھ شیو سینا کے نظریات کو بھی ٹھیس پہنچایا ہے. آج بھلے ہی شیو سینا جیسی مہان شکتی کی حامل سیاسی پارٹی دو ٹکڑوں میں بٹ کر رہ گئی ہو. شیو سینا کے مختلف عہدے داران اور ذمہ داران عہدوں کی لالچ میں بے لگام ہوئے جارہے ہوں لیکن اس کے برعکس مالیگاؤں شہر اور دیہی حلقہ کی شیو سینا پارٹی کے ذمہ داران اگرچہ اپنی پارٹی کے رکن اسمبلی دادا بھسے کی بغاوت کے پیش نظر تذبذب کا شکار تھے. مسلسل دیڑھ دو ماہ گزرنے کے بعد تمام ذمہ داران خاص طور پر مالیگاؤں مہا نگر صدر راما بھاؤ مستری اور ریاستی سطح پر متحرک و فعال شیو سینا اقلیتی سیل کے صدر حاجی آصف نیشنل والا وغیرہ نے آپسی گفت و شنید کرتے ہوئے طے کیا کہ وہ شیو سینا کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے شندے گروپ یا حالیہ رکن اسمبلی دادا بھسے کے ہمراہ غدار کہلانے کی بجائے بالا صاحب ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ساتھ شیو سینا پارٹی کے نظریات کو استحکام عطا کرکے پہلے سے زیادہ مضبوطی فراہم کرتے ہوئے بقول حاجی آصف نیشنل والا کہ ہم حالیہ دنوں میں ہی 10 ہزار سے زائد نئے شیو سینکوں کو شیوسینا پارٹی سے منسلک کرتے ہوئے اپنے محبوب لیڈر ادھو جی ٹھاکرے کے ہاتھوں کو وہ توانائی اور طاقت عطا کریں گے جو باغیوں کے حق میں کسی طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی. مذکورہ وعدہ مالیگاؤں سینڑل شیو سینا کے رابطہ صدر حاجی آصف نیشنل والا نے سابق ریاستی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے ان کی ذاتی رہائش گاہ ماتو شری میں براہ راست ملاقات کرتے ہوئے کئے تھے. مالیگاؤں اور دیہی حلقہ سے ماتو شری پہنچ کر اپنے محبوب لیڈر سے ملاقات کرنے والوں میں راجا رام جادھو ,مالیگاؤں مہا نگر صدر راما بھاؤ مستری, پرمود شکلا کے ہمراہ بذات خود حاجی آصف نیشنل والا اور کئی ایک اکائیوں کے ذمہ داران خصوصاً شعبان بھائی رمضان پورہ ,حمید بھائی لکڑی والے, خان بھائی, بکھار والے, عرفان بھائی, صلاح الدین, اسرائیل وائر مین اور عامر بھائی وغیرہ بھی بنفس نفیس موجود تھے. ماتو شری میں ادھو ٹھاکرے سے گفتگو سے کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ نے وزیر اعلی رہتے ہوئے تمام ہی مذاہب سے منسلک افراد کی فلاح و بہبود کے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں بالکل اسی طرح آئندہ بھی یہ عمل جاری رکھیں گے. یہی وعدہ مالیگاؤں کے وفادار اور اصل شیو سینکوں نے حلف نامہ کی صورت ادھو ٹھاکرے کو دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی ان سے غداری کے مرتکب نہ ہوں گے بلکہ ان کے لئے انھیں ایسی تقویت عطا کریں کہ آنے والے دنوں میں ایک بار پھر ریاست مہاراشٹر میں شیو سینا پارٹی یکہ و تنہا حکومت بنا کر راج کرتی نظر آئے گی. اس موقع پر حاجی آصف نیشنل والا نے یہ اعادہ کیا کہ مالیگاؤں اور دیہی حلقہ کا مسلم طبقہ کل بھی آپ کے ساتھ تھا.آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا. حکومتیں اور وزارتیں تو آنی جانی چیزیں ہیں. آج اگر ایکناتھ شندے نے شیو سینا کی پیٹھ میں کسی کے بہکاوے میں آ کر خنجر گھونپا ہے تو کل شندے کا اس سے بھی برا حال ہوگا. جس دن بھی شندے کے سر سے غیروں کا وہ ہاتھ اٹھ جائے گا شندے ہو یا تمام غدار نہ گھر کے رہیں گے نہ گھاٹ کے. یہیں پر یہ بھی وعدہ کیا کہ شیو سینا میں بغاوت کے بعد تمام مجلس عاملہ تحلیل کردی گئی تھی لیکن آنے والے دنوں میں ایک نئی مجلس عاملہ کی تشکیل کرنے کے بعد شیو سینا پارٹی ایک نئی توانائی اور مضبوطی کے ہمراہ تمام غداروں کو سبق سکھانے کے لئے میدان عمل میں آئے گی. تب غداروں کو کہیں بھی جائے پناہ نصیب نہیں ہوگی.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں