"میاں بیوی ایک دوسرے کی تعریف کریں": حضرت مولانا طارق جمیل
میاں بیوی ایک دوسرے سے اظہار محبت کریں۔ ایک دوسرے کے لیے زبان کو مٹھاس سے بھردیں۔ ایک دوسرے کو محبت کی نظروں سے دیکھیں۔ نظروں کو محبت سے بھردیں تمہارے گھروں میں نبیﷺ والی معاشرت زندہ ہوجائے گی۔ تمہارے گھروں میں دین زندہ ہوجاۓ گا۔ ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں ایک دوسرے پر طنز نہ کرنا۔ ایک دوسرے کو طعنہ نہ دینا۔
کبھی تیز لہجے میں بیوی سے مت کہو کہ تونے فلاں کام غلط کیا۔ بیوی خاوند کہ مت کہے کہ تونے یہ غلط کیا بلکہ ایک دوسرے کی تعریف کرو تو محبت ہوجاۓ گی۔ تعریفوں سے دل خوش ہوتا ہے اور طنز و طعنے دل چیر کر رکھ دیتا ہے۔
ایک پیر صاحب اپنے مرید کے گھر کھانے پر گئے، کھانا پسند آیا تو پیر صاحب کہنے لگے اپنی بیگم کو بلاؤ۔ بیگم آگیئں۔ کہنے لگے، "بیٹی! تیرے ہاتھ کا کھانا کھایا۔ بہت مزیدار تھا۔ شکریہ ادا کرنے کے لیے تمہیں بلایا ہے۔" تو اس عورت نے زور و قطار رونا شروع کردیا۔ پوچھا کیا ہوا، عورت کہنے لگی کہ "آپ کے مرید کے ساتھ تیس سال ہوگئے ہیں لیکن زندگی میں کبھی ایک بار بھی میرے کھانے کی تعریف نہیں کی۔"
میرے بچوں میں تمہیں کہہ رہا ہوں اپنے گھروں کی معاشرت نبیﷺ والی لیکر آؤ ایک دوسرے کی تعریف کرو۔ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائ کرو۔ ایک واقعہ بتاتا ہوں۔
میرے نبیﷺ کو بھوک لگی، ام سلمی رضی اللہ عنہا کے گھر گۓ اور پوچھا کہ "ام سلمی! کھانے میں کچھ ہے؟ گھر میں کھانے کو کچھ نہ تھا تو امی سلمی نے بہت ہی ندامت کے ساتھ دکھی ہوکر کہا "یارسول اللہ گھر میں کھانے کو تو کچھ نہیں ہے بس سرکہ پڑا ہوا ہے"
سرکہ ایسی چیز ہے کہ ایک قطرہ زبان پر رکھو زبان جل جاۓ گی۔ ہالف ٹی اسپون لو تو تمہارا گلہ چیر کر رکھ دے گا۔ سرکہ بھلا کوئی کھانے کی چیز ہے۔
لیکن ام سلمی بڑی عاجزی اور دکھی ہوکر بولیں کہ "یارسول اللہﷺ گھر میں تو بس یہ سرکہ پڑا ہوا ہے" کوئی اور ہوتا تو کہتا کہ سرکہ بھی کوئی کھانے کی چیز ہے تجھے بھلا اتنا نہیں پتہ کہ سرکہ کھانے کا نہیں ہوتا۔ لیکن ذرا میرے نبیﷺ کے اخلاق دیکھو فرمانے لگے۔ "واہ واہ ام سلمی سرکہ جیسا تو سالن ہی کوئی نہیں" ذرا دیکھیں کہ کیسے اپنی بیگم کو شرمندگی اور احساس کمتری سے نکالا۔
میرے نبیﷺ نے فرمایا کہ "بہترین مسلمان وہ ہے جو بیوی سے اچھا سلوک کرتا ہے" اور بیوی سے فرمایا کہ "میری شریعت میں سجدہ ہوتا تو بیوی سے کہتا خاوند کو سجدہ کرے"
میرے بچوں نبیﷺ والے اخلاق سیکھو۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنا سیکھو۔ زبان کا صحیح استعمال کرو۔ شوہر اپنی بیوی کے لیے بول میٹھا کرلے۔ بیوی شوہر کے لیے بول میٹھا کرلے۔ کڑواہٹ آئے گی لیکن درگذر کرجاؤ۔ تھوڑی دیر کے لیے زبان کو روک لو اللہ تمہارے دلوں کو محبتوں سے بھر دے گا۔ اگر اپنے گھروں کو نبیﷺ والے نمونے پر لانا ہے تو میرے نبیﷺ والی محبت گھروں میں لاؤ۔ نبوت والے اخلاق سے گھر آباد ہونگے۔
رب تعالی عمل کی توفیق عطا فرماۓ۔ آمین
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں