راجیہ سبھا انتخابات:
ادھو کو خط لکھ اقلیتوں کو نظر انداز کرنے کا الزام، ایس پی کا رویہ ایم وی اے پر پڑسکتا ہے بھاری
راجیہ سبھا انتخابات سے پہلے سماج وادی پارٹی نے مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت سے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ پارٹی لیڈر ابو اعظمی نے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان پر اقلیتی برادری کے مطالبات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔ دراصل راجیہ سبھا انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی میں شامل تمام پارٹیوں نے شیوسینا کے امیدوار کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایس پی بھی شامل ہے۔
ابو اعظمی نے ٹوئیٹر پر لکھا، “سیکولر مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے وزیر اعلیٰ، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ، جو آج نئے ہندوتوا کی بات کر رہے ہیں، مہاراشٹر کے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ ڈھائی سال گزرنے کے بعد بھی اقلیتوں کے کسی مسئلے پر کوئی کاروائی کیوں نہیں کی گئی؟ عوام کو اس کی وضاحت کرنا مہاوکاس اگھاڑی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ابو اعظمی نے ٹوئیٹ میں لکھا، ''آج مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت نے اپنے ڈھائی سال مکمل کر لیے ہیں۔ فرقہ پرست بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے ایک مشترکہ کم سے کم پروگرام کے تحت مہا وکاس اگھاڑی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس، سماج وادی پارٹی اور دیگر سیکولر پارٹیوں نے تمام ذاتوں اور مذاہب کو ساتھ لے کر چلنے کی شرط پر شیوسینا کی حمایت کی۔
اعظمی نے خط میں مزید لکھا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں میں اقلیتوں کے معاملے پر کئی بار آپ کو خط لکھا، لیکن آپ نے ایک بار بھی جواب نہیں دیا۔ اس کے ساتھ ہی ابو عاصم اعظمی نے سوال کیا کہ کیا مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت سیکولر ہے یا اگھاڑی کا چہرہ نئے ہندوتوا کا ہے جس کے بارے میں ادھو ٹھاکرے ان دنوں بار بار بول رہے ہیں۔
بی جے پی نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے تین امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ جس میں مرکزی وزیر پیوش گوئل، سابق ایم ایل اے انل بونڈے اور سابق ایم پی دھننجے مہاڈک شامل ہیں۔ دوسری طرف شیو سینا نے سنجے راؤت اور سنجے پوار کو ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس نے عمران پرتاپ گڑھی کو اور این سی پی نے سینئر لیڈر پرفل پٹیل کو میدان میں اتارا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں