src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> نکاح کرنے والوں کی خدمت میں چند گذارشات - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

بدھ، 1 جون، 2022

نکاح کرنے والوں کی خدمت میں چند گذارشات

 




نکاح کرنے والوں کی خدمت میں چند گذارشات


  تحریر: مفتی محمد عامر یاسین ملی مالیگاؤں

8446393682


       موسم گرما کی چھٹیاں جاری ہیں، عام طریقے پر ان چھٹیوں میں بڑے پیمانے پر نکاح کی تقاریب منعقد ہوتی ہیں۔ شہر عزیز مالیگاؤں میں بھی ان دنوں بڑے پیمانے پر نکاح ہورہے ہیں، جن بھائیوں اور بہنوں کے نکاح ہو چکے ہیں اللہ پاک ان کے حق میں نکاح کے مقاصد پورے فرمائےاور جن کا نکاح باقی ہے اللہ تعالیٰ ان کے لیے نکاح کے اسباب پیدا فرمائے۔ آمین۔


        ہر مرد و عورت کی یہ فطری خواہش ہوتی ہے کہ وہ نکاح کرکے اپنے شریک حیات کے ساتھ خوشگوار اور کامیاب ازدواجی زندگی گزارےلیکن ہر ایک کی یہ خواہش پوری نہیں ہوتی بعض لوگ نکاح کے بعد تھوڑے ہی عرصے میں ازدواجی زندگی کے بندھن کو توڑ کر آزادی حاصل کر لیتے ہیں اور بڑی امیدوں اور کوششوں کے ساتھ جس رشتےکو قائم کیاگیاتھا وہ چند مہینوں اورسالوں میں ہی ختم ہوجاتا ہے۔ اس کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔ جن میں سر فہرست یہ چند وجوہات ہیں:


(1) دین کے بجائے مال داری خوبصورتی اورحسب و نسب کی بنیاد پر رشتہ نکاح طے کرنا۔

(2)سنت وشریعت کے مطابق سادگی کے ساتھ نکاح کرنے کے بجائے بے جارسوم و رواج کو انجام دینا ۔

(3) زوجین کا نکاح سے متعلق اسلامی تعلیمات و ہدایات اور اپنے حقوق و فرائض سے نا واقف ہونا۔

(4)والدین و سرپرست حضرات کا اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کی ازدواجی زندگی کے سلسلے میں تربیت اور رہنمائی نہ کرنا۔

(5)موجودہ مشترکہ خاندانی نظام، جس میں طرح طرح کی بے اعتدالیاں اورخرابیاں پیدا ہو چکی ہیں ۔


لہذا جو لوگ کامیاب اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزارناچاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ سب سے پہلے دین کی بنیادپررشتوں کاانتخاب کریں۔

     جب نکاح کا موقع ہو تو سادگی کے ساتھ فضول خرچی اور بے جا رسوم ورواج سے بچتے ہوئے نکاح کریں۔

      نکاح سے متعلق اسلامی تعلیمات و ہدایات سے واقفیت حاصل کریں۔ بطور خاص حضور ﷺ کی گھریلو اور ازدواجی زندگی کا مطالعہ کریں ۔

     مر د حضرات علمائے کرام اور خواتین معلمات کی خدمت میں جا کر ان سے ازدواجی زندگی کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کریں۔

       والدین اور سرپرست حضرات اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کی ذہن سازی کریں اور اپنے تجربات کی روشنی میں ازدواجی زندگی کے نشیب و فراز سے انہیں آگاہ کریں۔ 

      اگر مذکورہ باتوں پر عمل کیا جائے تو امید ہے کہ رشتہ نکاح کو مضبوطی حاصل ہو اور بہت ساری تلخیاں ختم ہو جائیں اورزوجین کو خوشگوار ازدواجی زندگی نصیب ہو۔

 

     یہاں ہم مسنون نکاح اور کامیاب ازدواجی زندگی کے عنوان پر لکھی گئی چند کتابوں کی نشاندہی کر رہےہیں۔ ان کتابوں حاصل کر کے ان کامطالعہ کیا جائے تو اس کے خاطر خواہ فوائد سامنے آئیں گے باِذن اللہ !

(1) اسلامی شادی (حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی ؒ)

 (2)مثالی ازدواجی زندگی کے سنہری اصول (حضرت مولانا ذوالفقار صاحب نقشبندی) 

(3)خوشگوار ازدواجی زندگی (حضرت مولانا, شاہ حکیم محمد اختر ؒ)

(4) تحفۂ دلہن (حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی ؒ)

(5) مثالی دولہا(جناب محمد انور بن اختر)

 (6) مثالی دلہن (جناب محمد انور بن اختر )

(7)کامیاب ازدواجی زندگی کا راز ( مفتی محمد عامر یاسین ملی)

ہمیں چاہیے کہ مذکورہ کتابیں خرید کر پڑھیں اسی طرح نئے ازدواجی جوڑوں کی خدمت میں یہ کتابیں بطور تحفہ پیش کریں۔

نوٹ : مذکورہ کتابوں میں سے اکثر کتابیں شہر مالیگاؤں کے بکڈپوز پر اور انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages