آج اورنگ آباد میں راج ٹھاکرے کی میگا ریلی،
سنجے راؤت نے کسا طنز، مہاراشٹر کے اویسی ہیں ایم این ایس سربراہ
مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر کے تنازعہ کے درمیان آج اورنگ آباد میں ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کی ایک بڑی ریلی ہونے جا رہی ہے۔ اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ راج ٹھاکرے اورنگ آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایم این ایس کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔ وہ 100 سے زائد گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں۔ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ہفتہ کو پونے میں سمبھاجی مہاراج کی یادگار کا دورہ کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ ریلی کے پیش نظر اتوار کو ریاست میں ہائی وولٹیج ڈرامہ متوقع ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے بھی ریلی کی اجازت دیتے ہوئے کئی شرائط رکھی ہیں۔ ایم این ایس سربراہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ریلی کے دوران یا اس کے بعد قابل اعتراض نعروں، مذہبی، ذات پات اور علاقائی حوالوں کے استعمال سے گریز کریں گے۔ ریلی میں 15 ہزار افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری طرف مجلس اتحادالمسلیمین کے سربراہ اسد الدین اویسی بھی اورنگ آباد میں ہیں۔ سنیچر کی شام اورنگ آباد میں اپنی پارٹی کے ایم پی امتیاز جلیل کے گھر پر افطار پارٹی میں شرکت کی۔ امتیاز جلیل نے راج ٹھاکرے کو افطار کی دعوت بھی دی ہے۔ اسی طرح، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے کہا ہے کہ کوئی بھی کہیں بھی ریلی نکال سکتا ہے۔ اورنگ آباد میں سیکیوریٹی کے مکمل انتظامات ہیں۔ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اورنگ آباد شیوسینا کا گڑھ رہا ہے، مسلم اکثریتی ضلع میں کشیدگی ہو سکتی ہے۔ راج ٹھاکرے کی ریلی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔
اسی دوران شیوسینا کے ترجمان سنجے راؤت نے راج ٹھاکرے پر طنز کسا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ راج ٹھاکرے مہاراشٹر کے اویسی ہیں۔ جو صرف ووٹ کاٹنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ وہ ہندوتوا کے نام پر منافقت کر رہے ہیں۔ آج یکم مئی یوم مہاراشٹر بھی ہے۔ اس تناظر میں شیوسینا اور بی جے پی کے ریاست بھر میں مختلف پروگرام ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹر کے ہندوؤں کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے گزشتہ ماہ مہاراشٹر میں شیوسینا-این سی پی-کانگریس حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے مساجد میں نصب لاؤڈ اسپیکرز کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں مساجد کے سامنےلاؤڈ اسپیکرز پر ہنومان چالیسہ بجانے کی دھمکی بھی دی تھی ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں