سستا ڈیزل پیٹرول خریدنے مہاراشٹر سے گجرات جارہے ہیں لوگ
ممبئی: مرکزی حکومت نے بھلے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی ہو لیکن پھر بھی اس کی قیمت اتنی زیادہ ہے کہ لوگ سستے تیل کے لیے ریاست کی سرحد پار کر رہے ہیں۔ ایسا ہی کچھ مہاراشٹر گجرات سرحد پر بھی ہو رہا تھا۔ گجرات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت مہاراشٹر سے کم ہے، اس لیے مہاراشٹر کے لوگ سرحد پر گجرات جا رہے ہیں۔
گجرات کی سرحد پر آباد مہاراشٹر کے لوگ سستا پیٹرول اور ڈیزل خریدنے سرحد پار کرکے گجرات جارہے ہیں۔ ولساڈ میں ایک پمپ مالک نے بتایا کہ مہاراشٹر کی سرحد یہاں سے 2 کلومیٹر دور ہے۔ لوگ ہمارے پمپ سے تیل خریدتے ہیں کیونکہ مہاراشٹر کے مقابلے ہمارے پاس پٹرول 14 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 3.5 روپے سستا ہے۔
اس بارے میں مہاراشٹر کے ایک گاہک نے بتایا کہ میں اپنے کام کے لیے ہر روز گجرات مہاراشٹر بارڈر کراس کرتا ہوں اور عام طور پر اس پمپ سے پیٹرول خریدتا ہوں۔ اس طرح ہم پٹرول میں تقریباً 14 روپے فی لیٹر کی بچت کرتے ہیں۔ اس طرح ہم ماہانہ 3,000 روپے تک کی بچت کرتے ہیں ۔
ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کو راحت دینے کے لیے مرکزی حکومت نے حال ہی میں پیٹرول پر 8 روپے اور ڈیزل پر 6 روپے کی ایکسائز ڈیوٹی کم کی تھی۔ اس کے بعد ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح مہاراشٹر میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے ۔ ممبئی میں ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 9.16 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ ممبئی میں اتوار کو پیٹرول 111.35 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈیزل 7.49 روپے فی لیٹر سستا ہوا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں