جہانگیرپوری تشدد کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے: کیجریوال
نئی دہلی، 16 اپریل (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو جہانگیر پوری میں پتھراؤ کے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ اس معاملے میں قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔
مسٹر کیجریوال نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ "جہانگیر پوری، دہلی میں جلوس میں پتھراؤ کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر امن قائم رکھیں۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا جس پر انہوں نے یقین دلایا کہ امن قائم کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔
عام آدمی پارٹی نے جہانگیر پوری کے واقعہ کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہلی کے تمام لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔ کسی کے دھوکے میں نہ آئیں۔ افواہیں نہ پھیلائیں اور نہ کسی کو پھیلانے دیں۔ دہلی پولیس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
واضح رہے کہ جہانگیر پوری علاقے میں ہنومان جینتی کے جلوس کے دوران تشدد پھوٹ پڑا، کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ علاقے میں امن کی بحالی کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں