بی جے پی کا چار ریاستوں میں اقتدار میں واپسی کا دعویٰ، پنجاب میں بہتر نتائج کی توقع
نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی حکومت والی چار ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں اقتدار میں واپسی کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ پنجاب میں بھی بہتر نتائج کی امید ظاہر کی ہے۔
بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جس طرح وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت نے غریبوں، مظلوموں، محروموں اور استحصال کا شکار لوگوں کو بااختیار بنایا ہے، اس کا مثبت اثر ان انتخابی مہمات میں نظر آیاہے۔
مسٹرنڈا نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مرکزی حکومت کی تمام عوامی فلاحی اسکیموں کے تئیں عوام کا مثبت رویہ دیکھنے کا ملاہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں انتخابی مہمات سے معلوم ہوتاہے کہ جن چارریاستوں میں ہماری حکومتیں تھیں وہاں عوام نے ہمیں دوبارہ منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب میں پہلی بارہم 65 اسمبلی سیٹوں سے زیادہ پر میدان میں ہیں۔ پنجاب میں بھی ہمیں مثبت عوامی حمایت حاصل ہے۔ ہماری پارٹی پنجاب میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ اتر پردیش میں کوئی سخت لڑائی نہیں ہے، یہ بی جے پی کے حق میں یک طرفہ الیکشن ہے۔ جولوگ بی جے پی کے مینڈیٹ کے کمزور ہونے کااندازہ لگارہے ہیں انہیں مایوسی ہوگی۔ بی جے پی بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ اتر پردیش میں امن و امان میں ایک بڑی تبدیلی وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں آئی ہے۔ ریاست میں تمام قسم کے مجرمانہ واقعات میں 30 فیصد سے 70 فیصد تک کمی آئی ہے۔ تمام مافیا جیل میں ہیں۔ خواتین اور لڑکیاں اب خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں