میں دہلی میں بھی آپ کی آواز رہوں گا : ڈاکٹر اوصاف سعید
ریاض، 3مارچ۔ : میں دہلی میں بھی آپ کی آواز رہوں گا، کیونکہ سارے خلیجی ممالک سمیت 16 ممالک میرے دائرے کار میں رہیں گے عودی عرب سے میرا رشتہ گہرا رہا ہے، میں نے اپنی جملہ سروس کا ایک تہائی حصہ سعودی میں گزارا ہے ان خیالات کا اظہار سفیر ہند برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید نے کیا وہ اپنے اعزاز میں منعقد الوداعی تقریب سے خطاب کررہے تھے واضح رہے کہ اوصاف سعید کا تبادلہ دہلی میں وزارت خارجہ ہند کے صدر دفتر میں ہوا۔ وہ ترقی پاکر دہلی میں وزارت خارجہ کے سکریٹری کے عہدہ پر فائز کئے گئے ہیں۔ ریاض میں قائم تمام سماجی تنظیموں کی مرکزی تنظیم“ آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی“ نے اس الوداعی تقریب کا اہتمام کیا تھا۔
اوصاف سعید نے کمیونٹی قائدین کی تقاریر میں ان سے متعلق ستائیشی کلمات کے جواب میں کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی یا اچھی کارکردگی کا سہرا اس کے سربراہ کے سر باندھا جاتا ہے۔ لیکن درحقیقت ایمبیسی کے کارہائے نمایاں میرے رفقائے کا رکی محنت کا نتیجہ ہے۔
ناظم تقریب تقی الدین میر کے افتتاحی کلمات کے بعد چیرمین اسٹیرنگ کمیٹی انجینئر محمد ضیغم خاں نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں اوصاف سعید کے میعاد کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سفیر ہند نے تین سال قبل اپنے خیرمقدمی خطاب میں کئے وعدوں کو پورا کیا۔ اس کے بعد حاضرین کی بڑی تعداد نے مسز فرح سعید اور اوصاف سعید کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں گلدستے، شال اور یادگاری مومنٹوز پیش کئے۔ عبدالغفار اور سلیم ماہی نے تہنیت پیش کرنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
کمیونٹی قائدین مین شہاب کٹوکوڈ، ڈاکٹر ندیم ترین، نیاز احمد، ستیش دیپک، احمد امتیاز، محمد مبین، ابرار حسین، ڈاکٹر اشرف علی، ڈاکٹر انعام اللہ اعظمی، سنتوش شیٹی، ڈاکٹر ثاقب قیصر اور ڈاکٹر انور خورشیدجلسہ سے خطاب کرنے والوں میں شامل تھے۔ مقررین نے اوصاف سعید کی میعاد میں ان کی بہترین کارکردگی، ان کی عوام دوستی کا ذکر کرتے ہوئے انہیں ”عوام کا سفیر“ قرار دیا۔
ناظم اجلاس تقی الدین میر نے منفرد انداز مین نظامت کرتے ہوئے ابتدا تا آخر محفل کو دلچسپ بنائے رکھا۔ اس موقع پر اسٹیرنگ کمیٹی کی جانب سے اوصاف سعید کے ہاتھوں اشفاق خاں اور کے این واصف کو ان کی گراں قدر خدمات کے سلسلے میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سینئر این آر آئی عبدالاحد صدیقی کے ہدیہ تشکر پر اس تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں