١٢ نومبر تشدد معاملہ: آفتاب عالم، ضیا مسکان سمیت کئی ملزمین جیل سے رہا، جنتادل سیکولر کی جانب سے استقبال
رہائی پانے والے افراد نے نم آنکھوں سے وکلاء، شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی کا شکریہ ادا کیا-
مالیگاؤں : ١٢ نومبر تشدد معاملہ میں قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے آفتاب عالم، ضیا الرحمن مسکان، عبدالرحیم عبدالرشید سمیت کئی ملزمین کی کل بروز جمعرات رہائی عمل میں آئی- اس موقع پر محمد مستقیم ڈگنیٹی اور جنتادل سیکولر کے دیگر ذمہ داران و محروسین کے اہل خانہ ناسک پہنچے ہوئے تھے- مستقیم ڈگنیٹی جو خود ۱۲ نومبر معاملہ میں ۸۴ دنوں تک سلاخوں کے پیچھے تھے، نے رہائی پانے والے آفتاب عالم، ضیا مسکان و دیگر افراد کا گرمجوشی سے استقبال کیا- میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان، ایڈوکیٹ فاروق میمن، ایڈوکیٹ خلیل انصاری و دیگر وکلاء جنھوں نے ملزمین کی ضمانت کے لیے کوششیں کیں، کا شکریہ ادا کیا- انھوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا جو سماجی خدمت کا کام انجام دیتے تھے- انہیں بلاوجہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیلا گیا اور اس ظلم و ستم کے پیچھے کارفرما افراد کا حساب قانون کی عدالت کیساتھ ساتھ عوامی عدالت میں بھی ہوگا- واضح رہے کہ جنتادل سیکولر روز اول سے ١٢ نومبر تشدد معاملہ میں گرفتار افراد کی رہائی کے لئے کوشاں ہے اور ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان اور انکی ٹیم کیساتھ ملکر قانونی لڑائی بھی لڑ رہی ہے-
مالیگاؤں پہنچنے پر آفتاب عالم، ضیا مسکان، عبدالرحیم پکارے والا و دیگر افراد مستقیم ڈگنیٹی کے ہمراہ وکلاء سے ملاقات کے لیے پہنچے- اس موقع پر جنتادل سیکولر اور رہائی پانے والی افراد کی جانب سے ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان، ایڈوکیٹ فاروق میمن، ایڈوکیٹ خلیل انصاری و دیگر وکلاء کا شکریہ ادا کیا گیا- صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ضیا مسکان نے کہا کہ انکے جیل چلے جانے کیوجہ سے انکے اہل خانہ کو کئی تکالیف کا سامنہ کرنا پڑا- ضیا مسکان نے ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان، انکی ٹیم اور شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا- انھوں نے کہا، “مستقیم ڈگنیٹی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مجھے رمضان سے قبل جیل سے باہر لے آئیں گے اور انھوں نے وہ وعدہ وفا کیا- شان ہند نے بھی میری بیوی کا حوصلہ بڑھایا اور محروسین کی رہائی کے لیے جدوجہد کرتی رہیں- میں دونوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں-“
عبدالرحیم پکارے والے نے بھی نم آنکھوں کیساتھ وکلاء اور جنتادل سیکولر کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا- اس موقع پر انھوں نے مرحوم ساتھی نہال احمد کی یاد میں جذباتی انداز میں ایک نظم بھی پڑھی- آخر میں جنتادل سیکولر کی جانب سے مستقیم ڈگنیٹی نے ایک بار پھر ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا- انھوں نے کہا کہ آج ملزمین کی ایک بڑی تعداد جیل سے باہر آچکی ہے اور ہمیں امید ہیکہ ۷۶ نمبر ایف آئی آر میں بھی جلد ضمانت پر رہائی کا سلسلہ شروع ہوگا- ہم تمام بے قصور افراد کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے-
شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی کے ہمراہ کارپوریٹر ساجد عبدالرشید ابواللیث انصاری، عمران رضوی، محمد واںٔرمین ، عطاء الرحمن خان، نعیم احمد، شہزاد ڈراںٔیور اور جیل سے رہائی پانے والے بے قصور نوجوانوں کے اہل خانہ بڑی تعداد میں موجود تھے-


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں