مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کی بات بے بنیاد، بنگال میں بی جے پی کارکنان پر پولیس کی بربریت: سیتا رمن
ممبئی ، 22 فروری : خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما نرملا سیتا رمن نے منگل کو اپوزیشن کے اس الزام کو ’بے بنیاد‘ قرار دیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سی بی آئی جیسی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ پوچھا جانا چاہئے کہ مغربی بنگال میں کیا ہو رہا ہے جہاں پولیس کی مدد سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ بجٹ 2023 پر صنعت و تجارت، مالیاتی شعبے اور دیگر اسٹیک ہولڈر کے ساتھ بات چیت کے لیے ممبئی کے اپنے دو روزہ دورے کے آخری دن صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ممبئی کے دورے میں وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد مرکز کی بی جے پی حکومت پراپوزیشن کو ڈرانے دبانے کے لیے ان کے خلاف مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے استعمال لگایا تھا۔ اسی طرح کے الزام مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی ایسے لگائے ہیں۔
انہوں نے شیوسینا کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ راؤ اور دوسرے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے مرکز پر اپوزیشن کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کا استعمال کیے جانے کے الزامات کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا،’اس طرح کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں ایسے سیاسی بیانات دیتی رہی ہیں‘۔انہوں نے کہا،’ایک منٹ کے لیے مان لیا جائے کہ اپوزیشن کے ان الزامات میں کچھ سچائی ہے، پھر بھی وہ کھلے عام بیانات دے رہے ہیں۔ تو جبر کہاں ہو رہا ہے؟ کوئی جبر نہیں ہے‘۔
مہاراشٹر میں بر سر اقتدار اتحاد کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے کسی پر کوئی دباؤ یا خوف نہیں ہے، تینوں مل گئے ہیں اور مل کر ایسے دباؤ کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ اپوزیشن پارٹیاں اتحاد کے لیے مل رہی ہیں تو وی ملیں ۔ جمہوریت میں سب کو ملنے اور اتحاد بنانے کا حق ہے لیکن جبر کی بات نہیں ہونی چاہیے۔
ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی کا نام لیے بغیر ان پر سخت حملہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مغربی بنگال میں پولیس کی مدد سے مخالفین کو دبایا جا رہا ہے۔ وہ ہم پر اس طرح (مخالفین کے خلاف ایجنسیوں کے استعمال کا) الزام نہیں لگا سکتے۔ اسی تناظر میں سیتا رمن نے کہا، ’ہمیں ان سے پوچھنا چاہیے کہ بنگال میں کیا ہو رہا ہے؟ وہ (بنگال حکومت) ریاستی پولیس فورس کا استعمال کرکے ہر کارکن (بی جے پی کارکن) کو ہراساں کررہی ہے۔ اس حکومت کو بے بنیاد باتیں نہیں کرنی چاہیے‘۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں