عالمی طاقتیں شامی مظلوموں کے لئے آواز بلند کریں ورنہ یہ چپ تازیانہ عبرت بن جائے گی : مفتی محمد اسماعیل قاسمی صاحب
_ظالم طاقتیں نوشتہ دیوار پڑھ لیں.. خدا کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں_
شام ایک بار پھر لہو لہو ہے.. حلب، حماۃ، اور دیگر بڑے شہر راکھ کے ڈھیر بن چکے ہیں اب غوطہ کی باری ہے.. شام سے جو اطلاعات موصول ہو رہی ہیں وہ بڑی ہی درد ناک ہے.. انسانوں پر گولہ بارود کی بارش ہورہی ہے.. مسخ شدہ لاشوں کو دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجارہے ہیں.. معصوم اور پھول جیسے بچے پتھروں کے نیچے پس جارہے ہیں.. ان معصوموں اور مظلوموں پر اندھا دھند بموں کی بارش کرنے والے وہ لوگ ہیں جو تہذیب و تمدن اور مساوات و انصاف کے علمبردار کہلاتے ہیں.. حالانکہ ان کے کرتوت دیکھ کر شیطان بھی شرما رہا ہے.. ان کا ساتھ دینے والے وہ لوگ ہیں جو پتہ نہیں کس بنیاد پر مسلمان کہلاتے ہیں.. اور عالم اسلام کا پرچم بلند کئے ہوئے ہیں.. سب سے زیادہ افسوس اس بات کا ہے کہ جنھیں اللہ نے مسلمانوں پر اقتدار سونپا ہے وہ طاقت کے باوجود مظلوموں کا ساتھ دینے سے کتراتے ہیں... ایسے حکمرانوں کو جان لینا چاہئے کہ آگ ان تک بھی پہنچ سکتی ہے.. شامی عوام ایک عرصے سے بشار الاسد کے ظلم و ستم کا شکار ہے.. اس کے بعد اب یہ ظالم حکمراں اور اس کے اتحادی روس کی مدد سے بے گناہ نہتے مسلمانوں کے خون سے کھیل رہے ہیں.. شام کے جو حالات مختلف ذرائع سے سامنے آرہے ہیں وہ اللہ پاک کے غضب کو نازل کرنے کے لئے کافی ہیں.. ظالم طاقتوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہئے.. اللہ کے یہاں دیر ہے لیکن اندھیر نہیں... وہ قہار بادشاہ جب اپنی گرفت میں لے گا تو ان شاء اللہ ظالموں کو تازیانہ عبرت بنا دے گا.. کب تک تم چپ چاپ رہ کر تماشا دیکھتے رہو گے.. یاد رکھنا وہ جبار بادشاہ تمہیں بھی تماشا بنا سکتا ہے.. ہم اس بات پر بے بس ہیں کہ عملی طور پر اپنے بھائیوں کی مدد نہیں کر سکتے ہیں لیکن اللہ نے ہمیں دعا کا ہتھیار دیا ہے اس کا استعمال کرتے ہوئے ہمیں مظلوموں کی مدد کرنا چاہیئے... مسلم حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ شام کی مظلوم عوام کی مدد کے لئے اٹھ کھڑے ہوں ورنہ خداوند قدوس کی قدرت نے سر اٹھایا تو چپ رہنے والے بھی بچ نہیں سکیں گے.. امن و سلامتی کی نام نہاد علمبردار اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شام کے معصوموں کے خون سے کھیلنے والوں کو فوراً روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں..ہم اہلیانِ شہر سے گذارش کرتے ہیں کہ مظلوموں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں.. اللہ پاک شام کے مظلومین کی مدد فرمائے.. ظالموں کے ظلم کو روکنے کے اسباب پیدا فرمائے..
ہر قسم کی عافیت عطاء فرمائے اور ظالموں کو نیک ہدایت عطاء فرمائے آمین ثم آمین...
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں