جذبات بھڑکا کر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے والوں سے مسلمان ہوشیار رہیں: ڈاکٹر ایوب سرجن
پرتاپ گڑھ,11 جنوری : مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے ایک پارٹی مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکا کر ان کے ووٹ کاٹ کر بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لئے کوشاں ہے ،جس سے مسلمانوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اور اپنے ووٹ ایسی پارٹی کو دینے سے پرہیز ضرور کریں-ہم سبھی کو مسلم قیادت کے بجائے مبینہ سیکولر و بی جے پی کی پالیسیوں و مسلم مخالف طریقہ کار کے خلاف مہیم چلانا ہے کیوں کہ انہیں سے مسلم و سیکولر ووٹ منسلک ہے ۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پیس پارٹی سے خطرہ سمجھ کر صرف ایک اشتہار کی بنیاد پر انہیں جیل بھیج کر این ایس اے لگا دیا اور ایک پارٹی وہ ہے جو کھلے عام جذبات کو بھڑکا رہی ہے-اس کے خلاف کوئی کارروائی اس لئے نہیں کی جارہی ہے کہ بی جے پی کو اس پارٹی سے فائدہ ہے۔ مذکورہ پارٹی مسلمانوں کا ہمدرد ہونے کا دعوی تو کرتی ہے ،مگر دیگر مسلم پارٹیوں کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنا نہیں چاہتی-اس پارٹی کا مقصد جذبات بھڑکا ووٹ کاٹ کر بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیس پارٹی کے بغیر کسی بھی سیکولر پارٹی کے لئے زیر اقتدار آنا ممکن نہیں ۔ یہ دیکھا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ مبینہ سیکولر پارٹیاں مسلمانوں کے درمیان نہ جا کر وہ بی جے پی کی راہ پر گامزن ہیں- وہ مسلمانوں کا نام لینے سے خوفزدہ ہیں کہ کہیں ان سے ہندو ووٹ ناراض نہ ہو جائے ،جبکہ یہاں کی 85 فیصدی عوام سیکولر ہے ۔ پیس پارٹی کی کھلی پالیسی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ہے ،پیس پارٹی کسی کے جذبات کو بھڑکانے کی سیاست نہیں کرتی بلکہ سب کا احترام کرتی ہے ۔ پیس پارٹی کے ساتھ سبھی ذات و مذہب کے لوگ ہیں لیکن ایک پارٹی وہ ہے جو گھوم گھوم کر جذبات کو بھڑکا کر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کا کام کر رہی ہے ،اس کا صرف ایک ہی مقصد ووٹ کاٹ کر بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے ۔
انہوں نے عوام خصوصی طور سے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جذبات کو بھڑکانے والوں کی مخالفت کر اپنا ووٹ مذکورہ پارٹی کو دینے سے پرہیز کریں ۔ایسا نہ ہو کی جذبات میں بہہ کر پھر پچھتانا پڑے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں