راج ٹھاکرے کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
بیڑ : بیڑ ضلع کی پرلی عدالت نے مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ مسلسل کئی تاریخوں پر عدالت سے غیر حاضر رہنے پر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ دراصل، سال 2008 میں، ایم این ایس کارکنوں نے راج ٹھاکرے کی حمایت میں پرلی میں اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کی بسوں پر پتھراؤ کیا تھا۔ عدالت میں اس کیس کی سماعت شروع ہو چکی ہے۔
اس کیس کی وجہ سے راج ٹھاکرے کے سر پر گرفتاری کی تلوار ابھی تک لٹکی ہوئی ہے۔ ایم این ایس کارکنوں کے خلاف امباجوگئی، بیڑ میں ایک ایس ٹی بس میں توڑ پھوڑ کرنے کا معاملہ درج کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد سے راج ٹھاکرے عدالت میں سماعت کے دوران پیش نہیں ہوئے۔ تاہم وہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے امباجوگئی گئے تھے۔ اس دوران وہ عدالت میں پیش ہوئے اور تین سو روپے جرمانہ بھی ادا کیا تھا ۔ اس کے بعد عدالت نے انہیں ضمانت دے دی تھی۔
راج ٹھاکرے کو سال 2008 میں ریلوے میں صوبائی نوجوانوں کی بھرتی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری کے خلاف ایم این ایس کے کارکنوں نے ریاست میں کئی مقامات پر احتجاج کیا تھا۔ امباجوگئی میں ایس ٹی بس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس معاملے میں راج ٹھاکرے سمیت کئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ راج ٹھاکرے کو اس معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تھے ۔ اس وجہ سے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں