شیوشینا بی جے پی میں پھر لفظی جنگ کا آغاز :
بی جے پی لیڈر نے کہا- ادھو ٹھاکرے بیماری کی وجہ سے عہدہ چھوڑ سکتے ہیں، سنجے راوت نے نے کیا جوابی حملہ
مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بڑا بھونچال آگیا ہے، جس میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی خرابی صحت کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی قیاس آرائیاں مسلسل جارہی ہیں۔ اس سیاسی گہما گہمی میں شیوسینا اور بی جے پی کے لیڈروں کے درمیان الزامات کا دور بھی تیز ہو گیا ہے۔ مہاراشٹر بی جے پی کے صدر اور ایم ایل اے چندرکانت پاٹل نے بدھ کے روز کہا کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو صحت یاب ہونے تک اپنی ذمہ داریاں کسی اور کو سونپ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران ان کی غیر حاضری "نامناسب" تھی۔ اس پورے معاملے کو مسترد کرتے ہوئے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ ادھو پوری طرح سے صحت مند ہیں اور وہ سرمائی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پاٹل نے کہا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں تو انہیں اپنے کام کے لئے کسی کو نامزد کرنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ کا مقننہ کی کارروائی سے غیر حاضر رہنا ناانصافی ہے۔ ہم اجلاس سے وزیر اعلیٰ کی مکمل غیر حاضری کو قبول نہیں کریں گے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اپنی صحت کو دیکھتے ہوئے اپنا چارج شیو سینا یا ان کے خاندان ک میں سے کسی اور کو سونپ دینا چاہئے۔
حکمران اتحادیوں پر طنز کرتے ہوئے پاٹل نے کہا کہ انہیں کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) پر بھروسہ نہیں ہے کیونکہ وہ عہدہ نہیں چھوڑ سکتے۔ وہ یہ چارج اپنے بیٹے اور وزیر مملکت آدتیہ ٹھاکرے کو سونپ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت ہے۔
تاہم ریاستی آبی وسائل کے وزیر جینت پاٹل نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) حکومت نے مقننہ کی کاروائی کی تیاری کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی صحت ٹھیک ہے اور وہ کسی بھی وقت اسمبلی آسکتے ہیں۔ کام کسی اور کو سونپنے کی ضرورت نہیں۔ وہ گھر سے کام کر رہے ہیں۔"
شیوسینا کے صدر 61 سالہ ٹھاکرے کی حال ہی میں گردن کی سرجری ہوئی تھی جس کے لیے وہ تین ہفتے تک اسپتال میں داخل رہے۔ ہسپتال سے چھٹی ملنے کے بعد سے، ٹھاکرے اپنی سرکاری رہائش گاہ 'ورشا' سے کام کر رہے ہیں اور کابینہ کی تمام میٹنگوں میں آن لائن حصہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حال ہی میں ودھان بھون کا دورہ بھی کیا تھا۔ تب سرجری کے بعد وہ پہلی بار عوام میں نظر آئے۔
منگل کو، ٹھاکرے نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کابینہ کی میٹنگ کی اور سرمائی اجلاس کے موقع پر ایم ایل ایز کی چائے پارٹی میں شرکت کی۔ دریں اثنا، سیشن شروع ہونے سے پہلے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ودھان بھون میں حکمراں ایم وی اے کے ایم ایل اے سے خطاب کیا۔ ایم وی اے لیڈروں نے ودھان بھون کمپلیکس میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے پر پھول بھی چڑھائے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں