ممبئی داعش معاملہ :
ملزمین رضوان اور محسن نے جرم قبول کرلیا, ملزمین کے اس فیصلہ سے جمعیۃ کا کوئی تعلق نہیں، گلزار اعظمی
ممبئی2/ دسمبر : ممنوع تنظیم داعش کے رکن ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار ملزمین محسن شیخ اور رضوان احمد نے آج غیر متوقع طور پر خصوصی این آئی اے عدالت میں زبانی طور پر جرم قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے بعد خصوصی جج نے انہیں تحریری درخواست دینے کاحکم دیا۔
ملزمین کے اس اقدام کے بعد عدالت میں موجود دفاعی وکلاء ایڈوکیٹ عبدالوہاب خان اور شریف شیخ نے خصوصی جج سے کہا کہ وہ اپنا وکالت نامہ واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ وہ ملزم کے جرم قبول کرنے کے فیصلہ سے متفق نہیں ہیں اور چارج فریم کیئے جانے کے وقت ملزمین نے ان کے خلاف عائد الزامات سے انکار کیا تھا جس کے بعد ہی سرکاری گواہوں کی گواہی کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور ملزمین کا دفاع کیاجارہا تھا۔
دفاعی وکلاء نے خصوصی جج کو بتایا کہ انہوں نے ملزمین کو جرم قبول کرنے کے نتائج سے آگاہ کیا اور انہیں سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے فیصلہ پر بضد ہیں لہذا عدالت انہیں مقدمہ سے علیحدہ کرے اور ملزمین کی عرضداشت پرکارروائی کرے۔
خصوصی این آئی اے جج وانکھیڈے نے دفاعی وکلاء کی عرضداشت کو قبول کرتے ہوئے انہیں مقدمہ سے فارغ کردیا اور ملزمین کو حکم دیا کہ وہ معاملے کی اگلی سماعت پر عدالت میں تحریری عرضداشت داخل کریں۔
ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے اس ضمن میں کہا کہ ملزمین کی گرفتاری کے بعد ان کے اہل خانہ نے جمعیۃ علماء سے قانونی امداد طلب کی تھی اور یہ کہا تھا کہ ملزمین بے قصور ہیں اور انہیں این آئی اے نے جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا ہے۔ اہل خانہ کی درخواست پر گذشتہ پانچ سالوں سے ملزمین کو قانونی امداد دی جارہی تھی۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ ملزمین کے جرم قبول کرنے کے فیصلہ سے جمعیۃکا کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ ملزمین کے فیصلہ سے متفق بھی نہیں ہیں اسی لیئے انہوں نے دفاعی وکلاء کو مقدمہ سے فوراً الگ ہونے کی گذارش کی جس کے بعد دفاعی وکلاء نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ دفاعی وکلاء نے ابتک تقریباً چالیس سرکاری گواہوں سے جرح کی اور ملزم رضوان احمد کی ضمانت عرضداشت پر ممبئی ہائی کورٹ میں بحث ہوچکی ہے، عدالت اگلے چند ایام میں ملزم کی ضمانت عرضداشت پر فیصلہ صادر کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے مضافات ملاڈ مالونی سے تعلق رکھنے والئے محسن شیخ اور اتر پردیش کے شہر گورکھپور کے مکین رضوان احمد کو ممبئی اے ٹی ایس نے داعش کے ہم خیال اور رکن ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا اور ان پر ملک دشمنی سمیت دیگر سخت دفعات عائد کیئے تھے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں