مہاراشٹر میں اومیکرون کے سات نئے کیسز ، ملک میں اب تک کل 32 پازیٹیو
مہاراشٹر میں اومیکرون کے 7 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس میں 3 ممبئی اور 4 کا تعلق پمپری چنچواڑ میونسپل کارپوریشن سے ہے۔ اس وقت، مہاراشٹر کے محکمۂ صحت کے مطابق، ریاست میں اومیکرون کے کل کیسیز 17 ہو گئے ہیں۔ ممبئی کے دھاراوی میں اومیکرون ویرینٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ معلومات کے مطابق دھاراوی کا ایک رہائشی کورونا پازیٹیو پایا گیا جس کے بعد اس شخص میں کورونا کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ متاثرہ شخص حال ہی میں تنزانیہ سے واپس آیا تھا۔ معلومات کے مطابق ملک میں اب تک 32 کیس درج کیے گئے ہیں۔
بتادیں کہ وزارت صحت نے جمعہ کو کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی تازہ ترین صورتحال پر ایک پریس کانفرنس کی جس میں ملک کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بتایا گیا۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ اب تک یہ ویریئنٹ کل 59 ممالک میں پھیل چکا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کی دیر رات کولکتہ ہوائی اڈے پر ایک بین الاقوامی مسافر کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت پایا گیا تھا۔ مسافر کی شناخت 18 سالہ خاتون کے طور پر ہوئی ہے، جو دوحہ سے اڑان کیو آر 540 سے آئی تھی۔ ممکنہ اومیکرون اسٹرین کے بین الاقوامی مسافروں کو ریاستی حکومت کے COVID پروٹوکول رہنمایانہ ہدایت کے مطابق مزید جانچ کے لیے بیلے گھاٹہ آئی ڈی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسی دوران راجستھان کے جے پور سے راحت کی خبر ہے۔ یہاں اومیکرون سے متاثر پائے گئے تمام 9 مریضوں کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے۔ یہ تمام افراد جنوبی افریقہ سے آئے تھے اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ دوسری جانب برطانیہ میں جمعرات کو کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ سے متاثرہ مزید 249 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اومیکرون سے متاثر ہونے والے کیسز کی تعداد برطانیہ میں ایک دن میں دوگنی ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں اس طرح کے کل 817 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں