ایوارڈ سے سرفراز کیا جانا باعث اردو زبان و ادب کے مصنفین اور قارئین دونوں کے لئے افتخار و انبساط کا باعث ہے۔
ریاست پنجاب کی مردم خیز سزمین نے دنیائے اردو ادب کو بہت سے ادیب شاعر اور بالخصوص بلند قامت افسانہ نگار عطا کئے ہیں، کرشن چندر ، راجندر سنگھ بیدی ، احمد ندیم قاسمی، امرتا پریتم ،جیتندر بلو، مہندر سنگھ بیدی، رینو بہل جیسے بڑےفکشن نگاروں کا تعلق سرزمین پنجاب سے ہے۔ ان فکشن نگاروں نے اردو ادب کو بہترین اور ناقابل فراموش تخلیقات عطا کی ہیں۔ ریاست پنجاب کی ایک ادب نواز، ادب شناس سرزمین اور ادیب و ادب تخلیق کر نے والا ایک قصبہ مالیر کوٹلہ ہے اردو زبان و ادب کی تاریخ میں مالیر کوٹلہ بڑی اہمیت کا حامل ہے موجودہ دور میں محترم بشیر مالیر کوٹلوی
نہ ستائش کی تمنا ہے نہ صلہ کی پرواہ
کے بغیر اردو ادب کی مسلسل خدمت کئے جارہے ہیں۔ وہ نہ صرف ادب تخلیق کرتے ہیں بلکہ اپنی ادبی انجمن میں نئی نسل کے نوجوانوں کی بہترین تربیت کرتے ہوئے ادیب اور بالخصوص افسانہ نگار بھی تخلیق کر رہے ہیں ۔ اکیسویں صدی کی نسل کے نوجوان افسانہ نگار ارشد منیم بشیر مالیر کوٹلوی کی ادبی انجمن کا وہ حساس افسانہ نگار ہے جس نے بہت کم وقت میں افسانہ نگاری کی فکر اور فن دونوں کے معیار پر کھرے اترنے والے دل، دماغ اور روح کو جھنجوڑ نے والے افسانے تخلیق کئے ہیں ۔ 2015 سے اب تک ارشد منیم کے تین افسانوی مجموعے "خون کا رنگ" "خواب خواب زندگی" اور "لاوا " شائع ہوکر منظر عام پر آچکے ہیں، ارشد منیم کے افسانوں میں زندگی کی دھوپ چھاؤں، سماج کے مسائل، جرائم، کردار و اخلاق کا زوال ، انسانی نفسیات ، غریبی کی مشکلات سے بوجھتے انسان اور رشتوں کے ٹوٹنے بکھرنے کی جو چبھن ہے اس سے ہونے والی تکالیف کے احساسات کو بہت سہل انداز میں پیش کرنے کا ہنر بھی ہے، ارشد منیم کے افسانوں میں احتجاج کی گونج کئی بار سنائی دیتی ہے ۔ ان کے کردار ان کے ارد گرد کے متوسط طبقہ کے انسان ہیں، اکثر و بیشتر ان کے کردار غیر مسلم ہوا کرتے ہیں اور زبان کی بات کریں تو سیدھی سادھی گھریلو اور عام بول چال کی زبان استعمال کرتے ہیں ۔ ارشد منیم کے افسانے ہند و پاک کے مؤقر رسائل میں شائع ہوکر مقبولیت بھی حاصل بھی کر چکے ہیں ۔ حکومت پنجاب نے ارشد منیم کی افسانہ نگاری کے لئے انہیں اردو ادب کے ایک ممتاز، حساس، اور قد آور افسانہ نگار جس کے بھولا، منی، لاجو، اندو اور رانو کو اردو ادب کے قارئین بھلا نہیں سکتے یعنی راجندر سنگھ بیدی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے ۔ میں دل کی گہرائیوں سے ارشد منیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، اور ساتھ ہی شہر الہ باد اور نئی نسل کے لکھنے والوں کی جانب سے ارشد منیم کے لئے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں کہ اللہ کرے زور قلم اور بھی زیادہ ۔
خیر اندیش ڈاکٹر کہکشاں عرفان الہ آباد
Dr.kahkashanirfan1980@gmail.com
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں