src='https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-2927126055114474'/> 13/7ممبئی بم دھماکہ معاملہ ملزم ہارون رشید نائیک کوآرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیاجائے گا - مہاراشٹر نامہ

Breaking

Home Top Ad

Responsive Ads Here

Post Top Ad

Responsive Ads Here

بدھ، 22 دسمبر، 2021

13/7ممبئی بم دھماکہ معاملہ ملزم ہارون رشید نائیک کوآرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیاجائے گا




13/7ممبئی بم دھماکہ معاملہ

 ملزم ہارون رشید نائیک کو آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیاجائے گا ,اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات ملزم کا حق ہے، سیشن جج



ممبئی 22/ دسمبر: 13/7ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ مقدمہ کا سامنا کررہے ایک ملزم کو ممبئی سیشن عدالت نے آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ سینٹرل جیل میں منتقل کیئے جانے کا حکم جاری کیا کیونکہ اس کے اہل خانہ کو ملزم سے ملاقا ت کرنے میں شدید دقت درپیش تھی، ملزم ہارون عبدالرشید نائیک گذشتہ آٹھ سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے جسے اب تلوجہ سینٹرل جیل منتقل کیا جائے گا۔
ملزم ہارون نائیک کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے وکیل شریف شیخ نے ممبئی سٹی سول اینڈ سیشن عدالت میں قائم خصوصی مکوکا عدالت میں ایک عرضداشت داخل کرکے عدالت سے ملزم کو آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیئے جانے کی گذارش کی تھی۔دفاعی وکیل کی جانب سے جیل منتقلی کی درخواست پر عدالت نے جیل حکام سے رپورٹ طلب کی تھی، رپورٹ موصول ہونے کے بعد ایڈوکیٹ شریف شیخ نے دوران بحث عدالت کو بتایا کہ ملزم کے اہل خانہ ممبرا میں رہتے ہیں اور جب وہ ملزم سے ملاقات کرنے آرتھر روڈ آتے ہیں توان کا پورا دن ضائع ہوتا ہے اور وہ اکثر ملاقات بھی نہیں کرپاتے لہذا ملزم کو آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیا جائے۔


دوران بحث ایڈوکیٹ شریف شیخ نے عدالت میں سپریم کورٹ آف انڈیا کے ایک فیصلہ کا حوالہ بھی دیا جس میں عدالت نے کہا کہ قیدیوں کو ان کے گھر کے قریب والی جیل میں رکھنا چاہئے تاکہ اس کے اہل خانہ اس سے ملاقات کرسکے اور وہ جیل میں اپنے آپ کو تنہا محسوس نہ کریں کیونکہ قیدیوں کا ان کے اہل خانہ اور وکلاء سے ملنا حق ہے۔


ایڈوکیٹ شریف شیخ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے خصوصی جج پی آر بھوسلے نے ملزم ہارون عبدالرشید نائیک کو آرتھر روڈ جیل سے تلوجہ جیل منتقل کیئے جانے کا حکم دیا۔


عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہاکہ ملزم گذشتہ آٹھ سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے اور ابھی مقدمہ ختم ہونے میں وقت لگے گا لہذا اس دوران ملزم کے حقوق کی حفاظت کرنا چاہئے۔
 واضح رہے کہ 13/7 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ معاملے میں عدالت نے ملزمین نقی احمد وصی احمد،ندیم اختر اشفاق احمد،ہارون عبدالرشید نائیک، کفیل احمد محمد ایوب انصاری، محمد احمد عرف یاسین بھٹکل، اسعد اللہ اختر جاوید اختر، اعجاز سعید شیخ، سید اسماعیل آفاق لنکا، صدام حسین فیروز خان اور زین العابدین رزاق شیخ کے خلاف فرد جرم یعنی کے چارج فریم کردیا ہے اور جلد ہی گواہوں کو عدالت میں گواہی کے لیئے طلب کیا جائے گا۔

ٖ جمعیۃ علماء مہاراشٹر

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Bottom Ad

Responsive Ads Here

Pages